رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق عراق کی عوامی تحریک حزب اللہ نے کل رات ایک بیان جاری کرتے ہوئے عراق میں امریکہ کو خطرناک کھیل کھیلنے سے متعلق متنبہ کرتے ہوئے عراقی مجاہدوں سے کہا ہے کہ وہ امریکہ کے مذموم عزائم کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار رہیں۔
عراق کی عوامی مزاحمتی تحریک حزب اللہ نے اس بیان میں عراق میں کورونا وائرس کے عالمی بحران کے موقع پرعراق کی فوج اور مزاحمتی گروہوں پر امریکی حملوں سے پردہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ امریکہ، عراق کی فوج اور حشدالشعبی کے مراکز پر زمینی اور فضائی حملے کرنے کی کوشش میں ہے۔
حزب اللہ نے کہا ہے کہ امریکہ کی اس قسم کی پالیسی عراق کے امن و استحکام کے لئے خطرناک ہے اور امریکی جارجیت کی صورت میں مزاحمتی گروہ امریکہ کو دندان شکن جواب دے گا اور امریکہ کے اقتصادی اور فوجی تنصیبات کو نشانہ بنائے گا۔
واضح رہے کہ امریکہ اور اسرائیل نے اب تک عراق کے مختلف علاقوں میں عراق کی فوج اور عوامی رضاکار فورس الحشدالشعبی کے متعدد مراکز کو نشانہ بنایا ہے۔