رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، پنجاب حکومت نے رمضان المبارک میں مساجد کو کھولنے اور مذہبی اجتماعات کیلئے"رمضان پیکج" پالیسی پر کام شروع کر دیا۔ سیکرٹری اوقاف پنجاب سے سفارشات طلب کرلی گئی ہیں۔
کرونا وائرس کی وجہ سے جامعات اور مساجد کو عام نمازیوں کیلئے بند کیا گیا ہے، جس پر پنجاب حکومت نے رمضان المبارک میں مساجد کھولنے کی پالیسی بنانے پر کام شروع کر دیا۔ حکومت پنجاب نے مذہبی اجتماعات کیلئے رمضان پیکج کی تیاری کے احکامات جاری کر دیئے ہیں اور سیکرٹری اوقاف و مذہبی امور پنجاب ارشاد احمد کو سفارشات مرتب کرنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
سیکرٹری اوقاف و مذہبی امور پنجاب نے افسران کو ڈس انفیکشن ٹنل کی تنصیب پر کام شروع کرنے کا حکم دیدیا ہے، جو مزارات اور مساجد کے داخلی راستوں پر نصب کی جائیگی۔
ذرائع نے بتایا کہ سیکرٹری اوقاف و مذہبی امور پنجاب کی سفارشات پندرہ اپریل کو ہوم ڈیپارٹمنٹ بھیجی جائیں گی، سفارشات کی روشنی میں مساجد کھولنے اور نہ کھولنے کا فیصلہ ہوم ڈیپارٹمنٹ کرے گا۔/۹۸۸/ن