تحریر: حجت الاسلام و المسلمین سید صفدر حسین زیدی
موسس و مدیر حوزہ علمیہ امام صادق(ع) جونپور یوپی انڈیا
۴جون کی تاریخ ساری دنیا کے تمام محروم، کمزور اور مظلوم انسانوں کیلئے بہت غمناک روز ہے خصوصا عالم اسلام کے لئے ایک المناک دن ہے اسی دن انسانی اقدار کے پاسبان، مظلومین عالم کے مددگار حضرت آیۃ اللہ العظمی خمینی قدس سرہ کی وفات حسرت آیات ھوئی۔
شھیداعظم حضرت امام حسین علیہ السلام کے لازوال کربلائی انقلاب سے وابستہ آیۃ اللہ خمینی رضوان اللہ تعالی علیہ کی کامیاب تحریک انقلاب نے ایرانی عوام کی فکری، عملی اور ثقافتی ترقی کی رفتار کو وہ سرعت بخشی کہ آج دنیا میں وہ ایک خود مختار طاقتور اور ترقی یافتہ ملک کی حیثیت سے سر بلند ہو گیا اور امریکہ جیسے سپر پاور کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرتا ھے ایسی جرات و شجاعت دنیا میں کسی کے پاس نہیں ھے، یہ جرات و شجاعت اسی مجاھد راہ خدا اور اسلامی انقلاب کے بانی کے خلوص، ایمان اور تقوی کے مرہون منت ہے۔
اس عظیم مرد مجاھد کے اخلاص عمل اور جرات و ھمت نے صرف ایران ھی نہیں بلکہ دنیا کے تمام کمزوروں اور مظلوموں میں ایسی ہمت پیدا ھو گئی کہ وہ ظالم حکمرانوں کے خلاف اپنے کو طاقتور محسوس کرنے لگے خاص کر امت مسلمہ کو ایسا حوصلہ اور بیداری عطا فرمائی کہ ہرمسلمان اسلام اور مسلمانوں کی حمایت میں اپنی پوری توانای سے اٹھ کھڑا ھوا، یہ اور بات ھے کہ ظالم ڈکٹیٹروں نے اسے مختلف ہتھیاروں تفرقہ و انتشار، قید وبند، قتل وغارتگری، اقتصادی پابندی اور بحران، دھشت گردی اور نسل پرستی حتی بایو لوجیکل اٹیک سے کچلنے کی کوشش ضرور کی مگر اللہ رے مرد آھن خمینی بت شکن کی زندہ تحریک جسنے آج بھی دنیا کے ظالموں کا سکون و چین اور آنکھوں سے نیند چھین رکھی ھے۔
خود ھمارے ملک ھندوستان میں جو سب بڑا فائدہ ہمیں نصیب ہوا وہ اسلامی اتحاد و وحدت کا وجود ھے اور جسکے ھر شعبہ میں اثرات نمایا طور پر دکھائی دیتے ھیں یہ الگ بات ھے کہ امریکہ اور اسرائیل کے ھاتھوں بکے ھوئے مسلم حکمرانوں کی روٹی توڑنے والے اسے فتنہ و فساد سے توڑنے کی ناکام کوشش کرنے میں مصروف ہیں لیکن ہمیشہ سے شکست انکا مقدر ہے۔
آیت اللہ العظمی خمینی قدس سرہ کی ذات سے ساری دنیا میں اسلام کی حکومت اور اسلامی معاشرتی، اقتصاد اور عدالتی دستور کی صحیح تصویر نمایا ھوئی اور نام نہاد اسلامی حکومتوں کا اسلام کے بھیس میں اسلام مخالف کردار سامنے آ گیا اسی بنیاد پر اکثر لوگ یہ سوچنے بلکہ بہت حد تک اس بات کو ماننے اور قبول کرنے لگے ھیں کہ تشیع ھی حقیقی اسلام ھے ۔
الحمد للہ آج سیکڑوں کی تعداد میں ایران اور عراق کے حوزہ علمیہ کے پڑھے ھوئے علماء وطلاب بے خوف پورے ملک میں تبلیغ دین مبین اھل بیت میں مصروف ھیں جنھیں غلامانہ اور عصبیت کے شکار اپنی انا میں ڈوبی ہوئی ذھنیت رکھنے والے سو کالڈ صاحبان علم آسانی سے تحمل نہیں کر پا تے اور وقتا فوقتا مذاق اڑانے کی کوشش بھی کرتے ھیں مگر اب انقلاب آچکا ھے اب اسلام اور تشیع سے کھلواڑ کرنے والے سمجھ گئے ھیں کہ اب انکا چل چلاو ھے ۔
خدا دنیا کو اس صدی میں بیدار کر نے والے آیۃ اللہ العظمی سید روح اللہ الموسوی خمینی طاب ثراہ کو کروٹ کروٹ جنت عطا فرمائے اور ہمیں بصیرت اور انکی تحریک کو آگے بڑھانے کی توفیق کرامت فرمائے، ان تنصراللہ ینصرکم ویثبت اقدامکم ۔
سید صفدر حسین زیدی
موسس و مدیر حوزہ علمیہ امام صادق(ع) جونپور یوپی انڈیا