30 June 2020 - 13:22
News ID: 443042
فونت
قائد ملت جعفریہ پاکستان :
حجت الاسلام سید ساجد علی نقوی نے کہا کہ ہمارے درمیان اختلافات فروعی نوعیت کے ہیں جن کا حل مہذب انداز میں اور شائستگی کے ساتھ علمی سطح پر تلاش کرنے کی ہمیشہ سے ضرورت رہی ہے۔

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق قائد ملت جعفریہ پاکستان حجت الاسلام سید ساجد علی نقوی نے ملک قومی اتحاد کی ضروت کی تاکید کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہم سب کا ایک خدا….ایک رسول ….ایک قرآن ….اور….ایک قبلہ پرمسلمہ ایمان ہے۔ ہمارے درمیان اختلافات فروعی نوعیت کے ہیں جن کا حل مہذب انداز میں اور شائستگی کے ساتھ علمی سطح پر تلاش کرنے کی ہمیشہ سے ضرورت رہی ہے۔

انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا روز اول سے یہ موقف رہا ہے کہ گروہ بندی اورفرقہ واریت ملکی سلامتی اور قومی وحدت کے لئے زہر قاتل ہیں۔معمولی اور جزوی نوعیت کے فروعی اختلافات کو پس پشت ڈال کر دین ِ اسلام کے سینکڑوں مشترکات پر عمل پیرا ہوکر فرقہ وارانہ ہم آہنگی‘ وحدت و یکجہتی‘ پیار و محبت‘ رواداری اور یگانگت کو فروغ دیا جاسکتا ہے۔

قائد ملت جعفریہ پاکستان نےکہا کہ یہ امر افسوسناک اور ستم ظریفی کی انتہا ہے کہ ایک بار پھر ملک کی داخلی وحدت و سلامتی کے درپے عناصر‘ ناخواندہ و متعصب اور شرپسند افراد دانستہ طور پر سوشل میڈیا کے ذریعہ فرقہ وارانہ مسائل کھڑے کر کے ملک میں بدامنی‘ انارکی اور انتشار کو ہوا دینے کی ناکام کوششوں میں مشغول دکھائی دیتے ہیں۔ دیہاڑی دار ، شہرت طلب اور ناخواندہ لوگوں کی ناخواندگی کا جواب جذباتیت سے دینے کی بجائے مناسب سماجی و قانونی راستہ اختیار کیاجائے تاکہ شرپسند قوتوں کے مذموم عزائم، خاک میں ملائے جا سکیں۔

واضح ہوکہ ملک کے تمام مسلمہ اسلامی مکاتب اور مسالک ان کی چالوں میں نہیں آئیں گے اور اسلامیان پاکستان داخلی وحدت کو پارہ پارہ کرنے والی ہر مذموم کوشش و سازش کو مل کر ناکام بنائیں گے۔ اس کی ایک مثال حال ہی میں سوشل میڈیا پر ہونے والی ایک ایسی ہی سازش کا ناکام بنایا جانا ہے جس میں تمام مکاتب فکر نے مثبت اور مشترکہ ردعمل ظاہر کرکے شرپسندوں کے عزائم کو ناکام بنایا۔

ہمیں بیداری‘ حمیت اور وحدت و یگانگت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے گردوپیش میں ایسے عناصر پر نگاہ رکھنا ہوگی جو کسی بھی حوالے سے امت مسلمہ کے اتحاد و وحدت‘ یکجہتی اور اتفاق کے منافی سرگرمیوں میں ملوث ہیں اور ان سے اظہار برائت کرتے ہوئے امت مسلمہ کے وقار اور سربلندی کی کوششوں کو تیز تر کرنا ہوگا فقط اسی میں دین و دنیا کی بھلائی ہے۔

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬