رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، معروف شیعہ عالم دین علامہ رضی جعفر نقوی، علامہ حسن ظفر نقوی، علامہ ناظر عباس تقوی، علامہ باقر حسین زیدی اور عسکری دیوجانی نے کراچی اسٹاک ایکسچینج میں دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے پاکستان کی دشمن قوت ھندوستان کی سازش قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ ہندوستان کو پاکستان میں امن اور ترقی برداشت نہیں ہو رہی، سکیورٹی فورسز کی محنت اور عوام کے تعاون سے کراچی میں امن و امان بہتر ہوا تھا جس کو یہ دہشت گردی کے ذریعے پھر خراب کرنا چاہتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آج سے پہلے دہشت گرد اسکولوں پر حملے کرکے معصوم بچوں کو نشانہ بنا رہے تھے لیکن آج ان دہشت گردوں نے ملک کے معاشی حب پر حملہ کرکے پاکستان کی معاشی صورتحال کو مزید خراب کرنے کی کوشش کی ہے، قوم دہشت گردی کے خلاف متحد رہے، الحمداللہ رینجرز اور پولیس کی بر وقت کاروائی نے دہشت گردوں کے عزائم ناکام بنادیئے اور شہر کراچی آج ایک بڑی تباہی سے بچ گیا، ہم اس واقعے میں شہید ہونے والے تمام افراد کے اہل خانہ سے دلی ہمددری اور افسوس کا اظہار کرتے ہیں اور زخمی ہونے والے تمام افراد کی صحتیابی کے لئے دعاگو ہیں۔/