05 July 2020 - 14:12
News ID: 443082
فونت
حجت الاسلام موسیٰ رضا جسکانی :
شیعہ علماء کونسل پاکستان کے رہنما نے کہا کہ حکومت پاکستان زائرین مقامات مقدسہ ایران و عراق کو سفری سہولیات فراہم کرے اور راستوں کو محفوظ بنائے نہ کہ ان کے سفر کو محدود کرے ۔

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطاب شیعہ علماء کونسل پاکستان، جنوبی پنجاب کے صوبائی صدر حجت الاسلام موسیٰ رضا جسکانی نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زائرین کے سفر پر مجوزہ حدود و قیود شہری آزادیوں سے متصادم ہیں، آئین پاکستان کسی شہری کے سفر پر پابندی عائد نہیں کرتا۔

علامہ موسیٰ رضا جسکانی نے کہا کہ حکومت پاکستان زائرین مقامات مقدسہ ایران و عراق کو سفری سہولیات فراہم کرے اور راستوں کو محفوظ بنائے نہ کہ ان کے سفر کو محدود کرے، کوئی بھی قانون جو زائرین کی شہری آزادیوں سے متصادم ہوگا، وہ ہرگز قبول نہیں کریں گے، لہذا حکومت اس قسم کی کسی بھی قانون سازی سے باز رہے، ورنہ زائرین کے حقوق کیلئے ہر قسم کی قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں اگر احتجاج کی ضرورت پڑی تو ملک گیر احتجاج کیا جائے گا اور اس صورتحال کی تمام تر ذمہ داری حکومت کی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ زیارات کا سفر کرنیوالے لوگوں کی اکثریت متوسط اور غریب طبقے سے تعلق رکھتی ہے، لہذا ان پر بھاری مالی بوجھ ڈالنا کسی صورت ٹھیک نہیں، حکومت کو چاہیئے تھا کہ وہ زائرین کیلئے سہولیات میں اضافہ کرتی، لیکن اس نے اس مسئلے کو حل کرنے کی بجائے ان کے سفر کو مزید مشکل بنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم زائرین پالیسی کو مسترد کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ شیعہ علماء کونسل سمیت دیگر شیعہ قائدین کی مشاورت سے نئی پالیسی تشکیل دی جائے۔

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬