رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق شیعہ علماء کونسل شمالی پنجاب کے صدر حجت الاسلام سید سبطین حیدر سبزواری نے پنجاب اسمبلی سے منظور ہونیوالے نام نہاد متنازع تحفظ بنیاد اسلام ایکٹ کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ کالعدم دہشتگرد گروہ کے اکلوتے ایم پی اے کے ہاتھوں پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت یرغمال بن چکی ہے۔
اہلبیت اطہار علیہم السلام پر درود بھیجنے اور درود لکھنے سے منع کرنے کی بدترین سازش کو ناکام بنائیں گے، قرآن و حدیث کے مطابق اہلبیت پر درود و سلام بھیجا جاتا ہے جبکہ متنازع بل کے مطابق اہلبیتؑ پر درود لکھنے اور پڑھنے سے منع کرکے اسلام کی بنیاد پر حملہ کیا گیا ہے اور قرآنی حکم کا بھی انکار کیا گیا ہے، جسے ہم یکسر مسترد کرتے ہیں اور شدید احتجاج کا اعلان کرتے ہیں۔
لاہور میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ در اصل موجودہ حکومت غیر ضروری ایشوز کو چھیڑ کر اپنی حکومت کا عرصہ پورا کرنا چاہتی ہے، تاکہ مہنگائی بیروزگاری اور معاشی بدحالی کی طرف توجہ نہ ہو سکے۔
حجت الاسلام سبطین سبزواری نے واضح کیا کہ موجودہ حکومت ضیاء الحق کی نفرت آمیز پالیسیوں کے مطابق ملک میں فرقہ واریت پھیلا کر پاکستان کو خارجی سوچ کی مسلکی ریاست بنانا چاہتی ہے، ملک کی غالب اکثریت اہلبیتؑ اطہار علیہم السلام سے محبت کرنیوالی ہے، عاشقان مصطفی اقلیتی خارجی طبقے کو محبت اہلبیت علیہم السلام سے منع کرنے کی اجازت نہیں دیں گے اور نہ ہی خفیہ طریقے سے کی گئی قانون سازی کے ذریعے اہلبیت اطہار پر درود بھیجنے ، درود لکھنے اورانہیں علیہ السلام کہنے سے مسلمانوں کو منع کرنے کی اجازت دیں گے۔