رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی تحریک پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے کہا ہے : پاکستان پیپلزپارٹی سے سیاسی مفاہمت ہوچکی ہے ، کارکنان پیپلزپارٹی کی کامیابی کیلئے بھرپور انتخابی مہم چلائیں، شر پسند عناصر ملک میں عدم استحکام پیدا کرکے الیکشن ملتوی کرانا چاہتے ہیں، شرپسندوں کی کاروائیوں اور مذموم مقاصد سے انتخابی عمل سے پیچھے نہیں ہٹیں گے ۔
ہفتہ کے روز مرکزی دفتر میں پارٹی عہدیداروں سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا : پاکستان پیپلزپارٹی سے عا م انتخابات 2013ء کیلئے مفاہمت ہوئی ہے ، دہشت گرد ملک میں امن و امان کی صورتحال خراب کرکے انتخابات کا التواء چاہتے ہیں تمام سیاسی قوتوں کو مل کر اس سازش کو ناکام بنانا چاہیے تا کہ ملک میں جمہوریت فروغ پائے اور معاشی و امن وامان کی صورتحال مستحکم ہو۔
علامہ عارف واحدی نے کہا : ملک بھر میں اسلامی تحریک پاکستان کے کارکنان پیپلز پارٹی کے امیدواروں کی کامیابی کو یقینی بنائیں‘ پولنگ سٹیشنوں پر اپنے ووٹرز کی مناسب رہنمائی کے لئے آنے والے ایام میں رات دن ایک کریں اور بھرپور عوام رابطہ مہم کے ذریعہ انتخابی مہم کو بہتر انداز میں پایہ تکمیل تک پہنچائیں۔
انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا : اسلامی تحریک اور پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کی سیاسی مفاہمت کے نتیجے میں ملک میں حقیقی اور پائیدار جمہوریت کے فروغ میں مدد ملے گی اور ملکی ترقی و عوامی خوشحالی کی نئی راہیں کھلیں گی۔