رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ھندوستان و پاکستان کے مختلف شھروں میں موجود ہلال کمیٹی کے ارکان نے رویت ہلال ماہ شوال کی تصدیق کرتے ہوئے کل عید الفطر منانے کا اعلان کیا ۔
دلی کے امام بخاری نے انڈین میڈیا کو رویت ہلال ماہ شوال کی اطلاع دیتے ہوئے ھندوستان کے مسلمانوں سے جمعہ کے روز عید الفطر منانے کی درخواست کی ۔
شھر لکھنو کے امام جمعہ حجت الاسلام سید کلب جواد نقوی نے ھندوستان کے مختلف شھروں میں عید کا چاند دیکھے جانے کی تصدیق کی ۔
دوسری جانب پاکستان میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمان کی سربراہی میں کراچی میں اجلاس ہوا جس میں کمیٹی کے ارکان کےعلاوہ محکمہ موسمیات اور پاک بحریہ کے ماہرین نے بھی شرکت کی ۔
اجلاس کے بعد مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمان نے پریس کانفرنس کے دوران شوال کے چاند نظر آنے کا اعلان کیا ۔
انہوں نے کہا : ملک میں بعض مقامات پر معطل ابر آلود تھا لیکن جہاں جہاں مطلع صاف تھا ان میں سے کئی مقامات پر چاند دیکھا گیا جس پر یہ فیصلہ کیا گیا ہے شوال کا چاند نظر آگیا ہے اس لئے کل بروز جمعہ 9 اگست 2013ء کو عیدالفطر ہوگی ۔
واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے کراچی سمیت سندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں رویت ہلال کے واضح امکان ظاہر کئے تھے تاہم ان علاقوں میں مطلع ابر آلود ہونے کے باعث رویت ہلال کے اعلان میں تاخیر ہوئی۔