رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل حجت الاسلام ناصر عباس جعفری نے کہا : ملک کو دہشت گردی جیسی لعنت سے چھٹکارا دلانے کے لئے سیاسی قوتوں کو افہام و تفہیم کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔
انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا : پاکستان کی سلامتی و بقا دہشت گردی کے خاتمے سے مشروط ہے۔ حکومت سمیت تمام سیاسی جماعتوں کو ملک میں امن و امان کے حقیقی قیام کے لئے یکساں کوششوں کی ضرورت ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جاری فوجی آپریشن قومی ضرورت اور عوام کی امنگوں کا عکاس ہے۔
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل نے تاکید کرتے ہوئے کہا : اس سلسلے میں پاک فوج کے اقدامات کی حمایت نہ کرنا حب الوطنی کے منافی ہے۔ دہشت گرد اور کرپٹ عناصر کے خلاف افواج پاک کی بلاتخصیص کارروائی قانون و انصاف کی بالادستی کا عملی اظہار ہے، جسے دنیا بھر میں سراہا جا رہا ہے۔
انہوں نے بیان کیا : پنجاب حکومت دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشن میں بیلنس کی پالیسی اختیار کرکے بےگناہ افراد کو ہراساں کر رہی ہے، جو نیشنل ایکشن پلان کو نقصان پہنچانے کی دانستہ کوشش ہے۔ پنجاب حکومت اپنی صفوں سے دہشت گردوں کی پشت پناہی کرنے اور تفرقہ پھیلانے والے عناصر کو باہر نکالیں۔
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے رہنما نے وضاحت کرتے ہوئے کہا : ملک اس وقت تاریخ کے نازک ترین دور سے گزر رہا ہے، ایسی صورتحال میں قومی سلامتی کو مقدم رکھنے کی ضرورت ہے۔ سیاسی جماعتوں کے مابین نزاعی صورتحال دہشت گردی کے خلاف اجتماعی کوششوں کے لئے نقصان دہ ہے۔
انہوں نے تاکید کرتے ہوئے بیان کیا : وطن عزیز کی سلامتی و استحکام کے لئے افواج پاک داخلی و خارجی محاذوں پر پوری جرات سے برسرپیکار ہے۔ یہ وقت باہمی جھگڑوں سے نکل کر ملک دشمن قوتوں کے خلاف باہم ہونے کا ہے۔
حجت الاسلام ناصر عباس جعفری نے کہا : امریکہ کی طرف سے ڈومور کا مطالبہ دہشت گردی کے خلاف جاری کوششوں کو متاثر کرنے کی سازش ہے۔ پاک فوج کو کسی غیر ملکی ڈکٹیشن کی ضرورت نہیں اور وہ دہشت گردی کے مراکز کے خاتمے میں بہترین نتائج حاصل کر رہی ہے۔