05 October 2015 - 12:45
News ID: 8519
فونت
حجت الاسلام سید سبطین سبزواری:
رسا نیوز ایجنسی – سرزمین پاکستان کے مشھور و معروف شیعہ عالم دین نے محرم الحرام کے انتظامات کے حوالے سے بانیان مجالس، ماتمی انجمنوں اور جلوس ہائے عزا کے لائسنسداران کے اجتماع سے خطاب میں کہا: مقدسات اہلسنت کی توہین ناجائز ہے ۔
حجت الاسلام سيد سبطين سبزواري


رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شیعہ علماء کونسل پنجاب کے صدر حجت الاسلام سید سبطین سبزواری نے محرم الحرام کے انتظامات کے حوالے سے بانیان مجالس، ماتمی انجمنوں اور جلوس ہائے عزا کے لائسنسداران کے اجتماع سے خطاب کیا اور انہیں دیگر مذاھب کے مقدسات کی توھین سے باز رہنے کی تاکید کی ۔


انہوں نے عزاداری کو ملت جعفریہ کی شہ رگ حیات بتاتے ہوئے کہا: اس میں کسی قسم کی رکاوٹ اور قدغن کو برداشت نہیں کی جائے گی۔ اسٹیج حسینی کو اتحاد امت کیلئے استعمال کیا جائے گا، جو انتشار پیدا کرتا ہے، اس کا ملت جعفریہ سے کوئی تعلق نہیں، وہ استعماری ایجنٹ ہے۔


انہوں نے مزید کہا: اہل سنت اسلام کا اہم جزو ہیں، ان کے مقدسات اور شخصیات کی توہین حرام ہے، ایسا کرنیوالے سے اظہار لاتعلقی کرتے ہیں اور سمجھتے ہیں کہ وہ مکتب اہل بیت کی نہیں امریکی اور یہودی ایجنڈے کی تکمیل کرتا ہے ۔ جہاں تک ممکن ہوا اسے روکیں گے۔


حجت الاسلام سبزواری نے یہ کہتے ہوئے کہ شیعہ و سنی اسلام کے دو بازو ہیں، دونوں میں اختلافات کو ہوا دینے والے اتحاد امت مسلمہ کے دشمن ہیں، فقہی اختلافات رکھنے کے باوجود صدیوں سے دونوں مکاتب فکر کے درمیان بھائی چارے کی فضا موجود ہے کہا : علما، ذاکرین، واعظین اور خطبا منبر رسول پر غیر مستند باتوں سے اجتناب کریں، صرف ایسی باتوں کا تذکرہ کیا جائے جن کی تصدیق قرآن و حدیث اور اقوال معصومین سے ہوتی ہو۔


انہوں نے تاکید کی : اتحاد و وحدت قومی فریضہ ہے، اسے سبوتاژ کرنیوالے اسلام اور پاکستان کے خیر خواہ نہیں ہو سکتے، اہل سنت کے مقدسات کا احترام شیعہ پر بھی لازم ہے، پاکستان میں ایسی فضا قائم کرنا چاہتے ہیں کہ کسی مسیحی، ہندو اور سکھ کو بھی تکلیف نہ ہو۔
 

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬