
رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حزب اللہ لبنان کی ایگزیکٹو کونسل کے نائب صدر حجت الاسلام شیخ نبیل قاووق نے گذشتہ روز ایک پروگرام میں شام میں دہشت گردی کے خلاف روس کی کاروائیوں کا خیر مقدم کیا ۔
انہوں نے یہ کہتے ہوئے کہ شام میں تکفیری دہشت گردوں کے خلاف روس کی کاروائی سے مزاحمت کا محور مضبوط ہوا ہے کہا: شامی دھشتگردوں پر روس کا حملہ شامی امنگوں کا بیان گر ہے اور اس حملے نے امریکہ، ترکی اور خلیج کے ملکوں کو مشکل سے دوچار کردیا ہے اور وہ ممالک جنہوں نے دہشت گردوں کو شام میں جنم دیا ہے اب انہیں سخت و دشوار حالات کا سامنا ہے ۔
حزب اللہ لبنان کی ایگزیکٹو کونسل کے نائب صدر نے اس بات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ شام میں دہشت گردوں کے خلاف روس کے حملوں نے تکفیری دہشت گردوں کے خلاف امریکی حملوں کے نمائشی ہونے کو طشت از بام کردیا اور تکفیریوں کے مقابلے میں امریکی عزائم اور علاقے میں اس کے ہتھکنڈوں کا راز فاش کردیا ہے کہا: شام میں امریکہ کا مقصد داعش کو نابود کرنا اور یا اس ملک میں جنگ کا خاتمہ نہیں ہے بلکہ امریکہ چاہتا ہے کہ شام میں بحران مزید طول پکڑے اور داعش جیسے تکفیری دہشت گردوں کی سرگرمیاں بدستور جاری رہیں کیوں کہ واشنگٹن کا خیال ہے کہ دہشت گرد، شام ، عراق اور مزاحمت کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیں گے ۔
انہوں نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ شامی فوج کی ثابت قدمی، اور اسی طرح حزب اللہ اور روس کے اپنے مواقف پر ثابت قدم رہنے سے دہشت گردوں اور اس کے حامی ملکوں کو بہت بڑا جھٹکا لگا ہے کہا : روس نے شام میں دہشت گردوں کے خلاف صرف تین دنوں میں جو کامیابیاں حاصل کی ہیں وہ نام نہاد بین الاقوامی اتحاد، چارسو دنوں میں بھی حاصل کرنے سے عاجز رہا ہے ۔