رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی جمھوریہ ایران کے صدر مملکت حجت الاسلام و المسلمین ڈاکٹر حسن روحانی نے ایران کے صوبے سمنان کے مرکزی شہر سمنان میں ایک بڑے عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا : ملت ایران نے اسلاموفوبیا اور ایرانوفوبیا کو ناکام بنا دیا ۔
انہوں نے اس بات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ ایرانی عوام نے ہر قسم کے علاقائی اور بین الاقوامی دباؤ اور پابندیوں پر غلبہ پالیا ہے اور بڑی طاقتوں اور صیہونیوں کی جانب سے اسلاموفوبیا اور ایرانو فوبیا کی کوششوں کو پوری طرح بےاثر کر دیا ہے کہا: ایٹمی معاہدے کے نتیجے میں ایران کے خلاف ، سلامتی کونسل کی چھے اور آئی اے ای اے کے بورڈ آف گورنر کی بارہ قراردادیں یکے بعد دیگرے تاریخ کے کوڑے دان میں ڈال دی گئی ہیں ۔
ڈاکٹر روحانی نے یہ کہتے ہوئے کہ ایران کی عظیم قوم نے ایٹمی میدان میں ایک عظیم اور تاریخ ساز کامیابی حاصل کی ہے اور اس نے ثابت کردیا ہے کہ ملت ایران کسی طاقت کے سامنے سرجھکانے والی نہیں کہا: ایران پر لگی پابندیوں کی زنجیر ٹوٹ چکی ہے اور آج ایران کے عالمی بینکاری رابطے یکے بعد دیگرے بحال ہوتے جا رہے ہیں ، آج ایران کی برآمدات کا راستہ کھل گیا ہے، البتہ غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ میں وقت لگ سکتا ہے ۔
واضح رہے کہ ڈاکٹرحسن روحانی صوبائی دورے کے آغاز کے پہلے مرحلے میں منگل کی صبح سمنان پہونچ کر کئی ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا اور آج صوبائی ترقیاتی و سرمایہ کاری بورڈ اور انتظامی کونسل کے الگ الگ اجلاسوں کے علاوہ ، صوبے کے علمائے کرام، دانشوروں، معزز شخصیات ، اور شہدا کے اہل خانہ سے بھی ملاقات کریں گے اور کابنیہ کے متعدد وزرا بھی ہوں گے ۔