رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، کوٹلی امام حسین (ع) ڈیرہ اسماعیل خان میں جامعۃ النجف کے زیراہتمام دو روزہ سالانہ تبلیغی اجتماع اجتماع کا انعقاد کیا گیا ، جس میں مقامی و دیگر شہروں کے جید علماء کرام ، طلاب اور دیگر شخصیتوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور اس پروگرام میں قائد ملت جعفریہ پاکستان حجت الاسلام و المسلمین سید ساجد علی نقوی نے خصوصی خطاب کیا ۔
قائد ملت جعفریہ پاکستان نے عصر حاضر کے حالات اور مسائل پر گفتگو کرتے ہوئے انفرادی و اجتماعی ذمہ داریوں پر روشنی ڈالی اور کہا: ذکر امام حسین (ع) پر کسی قسم کی کوئی پابندی نہ ماضی میں کبھی قبول کی، نہ ہی آئندہ کریں گے۔
شیعہ علماء کونسل کے مرکزی نائب صدر اور جامعۃ النجف کے سربراہ حجت الاسلام محمد رمضان توقیر نے ڈی آئی خان کے حالات پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ کو متنبہ کیا اور دہشت گردوں کو فی الفور کیفر کردار تک پہنچانے مطالبہ کیا ۔
واضح رہے کہ دو روزہ سالانہ جلسہ میں پروفیسر عابد حسین، مولانا ظہور خان، حجت الاسلام عامر ہمدانی سمیت ملک بھر سے نامور علماء کرام نے خطابات کئے۔
تبلیغی اجتماع میں خواتین و حضرات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر سکیورٹی کا بھی مناسب بندوبست کیا گیا تھا۔