16 July 2016 - 09:46
News ID: 422502
فونت
ترکی کی فوج اور حکومت کے درمیان کئی گھنٹوں سے جاری جھڑپیں ؛
ترکی میں فوج نے رجب طیب اردوغان کی حکومت کا تختہ الٹ کر اقتدار پر قبضہ کرنے کا اعلان کردیا ہے جس کے بعد ترکی میں مارشل لاء نافذ کرکے کرفیو لگادیا گیا ہے جبکہ ترکی کے وزیر اعظم نے فوجی بغاوت کو ناکام بنانے کا اعلان کیا ہے۔
ترکی


رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ترکی میں فوج نے رجب طیب اردوغان کی حکومت کا تختہ الٹ کر اقتدار پر قبضہ کرنے کا اعلان کردیا ہے ۔

موصولہ رپورٹ کے مطابق ترکی میں مارشل لاء نافذ کرکے کرفیو لگادیا گیا ہے جبکہ ترکی کے وزیر اعظم نے فوجی بغاوت کو ناکام بنانے کا اعلان کیا ہے۔

ترک فوج نے ملک کا انتظام اپنے ہاتھ میں لینے کے بعد ملک کے مختلف شہروں میں فوج ، پولیس اور عوام میں جھڑپوں کی اطلاعات ہیں جبکہ استبول میں پل بند اور انقرہ میں ہوائی جہاز نچلی پروازیں کر رہے ہیں ، انقرہ میں گولیوں چلنے کی آوازیں آ رہی ہیں۔

ترکی کے وزیر اعظم بن علی یلدرم نے فوج کے ایک گروپ کی جانب سے غیر قانونی اقدام کئے جانے کی مذمت کرتے ہوئے  کہا : فوجی اقدام غیر قانونی ہے لیکن حکومت کا تختہ نہیں الٹا گیا، اقتدار حکومت ہی کے پاس ہے۔

رپورٹ میں بیان ہوا ہے کہ فوج کے ایک مسلح گروپ نے اقتدار پر قبضہ کیا ہے جس میں کرنل رینک کے افسران شامل ہیں، اس گروپ کی جانب سے استنبول کے فوجی ہیڈ کوارٹر میں کئی رہنماؤں کو یرغمال بنالیا گیا ہے، ترک فوج کے سربراہ جنرل حلوسی آکار سمیت دیگر جرنیلوں کو نظر بند کردیا گیا ہے۔

فوج کی جانب سے ایوان صدر کا محاصرہ کرلیا گیا ہے، اتاترک ایئرپورٹ پر تمام پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں اور ایئرپورٹ کو بند کردیا گیا ہے، ملک بھر کے ایئرپورٹس بند کرکے ان پر ٹینک پہنچادیئے گئے ہیں، فوج کی بھاری نفری نے ملک کے اہم مقامات کا کنٹرول سنبھال لیا ہے جب کہ فوج نے ترکی کے سرکاری ٹی وی ٹی آر ٹی کا بھی مکمل کنٹرول حاصل کرلیا ہے۔

ترکی کے وزیر اعظم بن علی ایلدریم نے تمام سیاسی پارٹیوں سے اتحاد برقرار رکھنے اور ملک میں جمہوریت کی حمایت کرنے کا شکریہ ادا کیا تاہم ترکی کے صدر رجب طیب اردوگان نے ایک ٹی وی انٹرویو میں کہا ہے کہ وہ بغاوت کی کوشش پر قابو پا لیں گے۔ ترکی کے صدر نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ حکومت کی حمایت میں سڑکوں پر آئیں۔

دوسری جانب ترکی کے سرکاری نشریاتی ادارے ٹی آر ٹی پر جاری ہونے والے فوجی احکامات والے بیان میں کہا گیا ہے : ترکی میں مارشل لاء اور کرفیو نافذ کردیا گیا ہے اور ملک کو اب ایک امن کونسل کے تحت چلایا جا رہا ہے جو امنِ عامہ کو متاثر نہیں ہونے دے گی۔

فوجی بیان میں دعوی کیا گیا ہے : موجودہ حکومت کی جانب سے ترکی کے جمہوری اور سیکولر قوانین کو نقصان پہنچایا گیا ہے اور جلد سے جلد نیا آئین تیار کیا جائے گا۔
 

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬