رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق آل سعود نے مسلسل پانچویں سال بھی فریضہ حج کی ادائیگی کے متمنی شامی باشندوں پر مناسک حج کی ادائیگی پر پابندی لگا دی ہے۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق شام کے محکمہ اوقاف اور حج مشن کے سربراہ" محمد عبدالستارالسید" نے اپنے ایک بیان میں کہا : سعودی عرب نے اپنے اقدامات سے شامی عازمین حج کو بقول ان کے دین مبین اسلام کے پانچویں رکن کی ادائیگی سے محروم کردیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حج حکم خدا اور الہی فریضہ ہے اور مسلمانوں پر اس کی ادائیگی واجب ہے۔
انہوں نے وضاحت کرت ہوئے بیان کیا : سعودی عرب کی شاہی حکومت کی وزارت حج نے شام کے محکمہ اوقاف کے ساتھ طے پانے والے سمجھوتے اور اس سلسلے میں کئے گئے اپنے وعدوں کی خلاف ورزی کی ہے۔
شام کے محکمہ اوقاف اور حج مشن کے سربراہ نے تاکید کرتے ہوئے کہا : سعودی حکومت ہرسال تمام ملکوں کے ساتھ اس طرح کے سمجھوتے کرتی ہے، لیکن تمام مذہبی اور اخلاقی ضابطوں کی خلاف ورزی کر کے اس الہی فریضے کی ادائیگی کے لئے شامی حجاج کرام کی راہ میں مسلسل روڑے اٹکا رہی ہے۔
انہوں نے کہا : حرمین شریفین کے منتظمین کو جان لینا چاہیے کہ حجاج کرام کے آرام و آسائش اور ان کی سلامتی کو کسی بھی سیاسی اور مذہبی تعصب سے بالا تر ہوکر مہیا کرنے کی ضرورت ہے تاکہ تمام مسلمان کسی قسم کی مشکل کے بغیر فریضہ حج ادا کرسکیں۔
واضح رہے کہ سعودی حکومت اگرچہ شامی عوام کی حمایت کا دعوی کرتی ہے تاہم اس کے باوجود آل سعود نے شامیوں کو مسلسل پانچ برسوں سے فریضہ حج کی ادائیگی سے روک کرانھیں اس سعادت سے محروم کر رکھا ہے۔