رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق یمن کی عوامی تحریک انصاراللہ کے ترجمان محمد عبدالسلام نے کہا : سعودی عرب دانستہ طور پر بحران یمن کو جاری رکھے جانے کی کوشش کر رہا ہے تاکہ یمن کو مکمل طور پر تباہ کیا جاسکے جبکہ اسے اس کے خطرناک نتائج بھگتنا پڑ سکتے ہیں۔
انصاراللہ کے ترجمان نے یمن کے امن مذاکرات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے بیان کیا ہے کہ سعودی فریق، باوجود اس کے کہ وہ ہمارے منصفانہ راہ حل سے باخبر ہوتا رہا ہے پھر بھی جان بوجھ کر یمن کو تباہ کرنے کے درپے ہے اور اسی مقصد کے تحت وہ یمن کا بحران جاری رکھے جانے کی کوشش کر رہا ہے۔
عوامی تحریک انصاراللہ کے ترجمان محمد عبدالسلام نے کہا : اب اس کے بعد، صورت حال پہلے جیسی نہیں رہ سکتی اور تحریک انصاراللہ، یمنی عوام کے ساتھ کھڑی رہے گی اور ان کا دفاع کرتی رہے گی اور سعودی عرب کو اپنے کئے کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔
قابل ذکر ہے کہ کویت میں یمن کے امن مذاکرات کی ناکامی کے بعد انصاراللہ نے سعودی عرب کی سرحدوں میں پیش قدمی کی ہے اور اس نے اہم سرحدی علاقوں کو اپنے کنٹرول میں لے لیا ہے۔