رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں جماعت اسلامی کے سربراہ سراج الحق نے کہا ہے کہ مہذب معاشروں میں جانور پر بھی ظلم برداشت نہیں کیا جاتا جب کہ پاکستان میں سب سے سستی چیز موت ہے۔
لاہور میں جماعت اسلامی کے کارکن کی نماز جنازہ میں شرکت کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا : حمزہ شہباز کے حلقے میں چوتھا قتل ہو گیا ہے، تحقیقات میں تاخیر ہوئی تو سمجھیں گے کہ قتل میں بڑے لوگ ملوث ہیں، ہمارے کارکن کے قتل میں ملوث ملزمان گرفتار نہ ہوئے تو ذمہ دار حکومت ہو گی۔
انہوں نے کہا : اسلامی معاشرے میں قصاص کا نظام موجود ہے، اسلامی نظام نہ ہو تو منظر لاہور جیسا ہوتا ہے، اگر محسوس ہوا کہ حکومت اس معاملے میں کچھ نہیں کر رہی تو ہمارے پاس بہت سے راستے موجود ہیں۔
سراج الحق نے کہا : دنیا چاند پر جا رہی ہے اور ہمارے ہاں انسانوں کا خون بہایا جا رہا ہے، مہذب دنیا میں جانور پر بھی ظلم برداشت نہیں ہوتا لیکن پاکستان میں اگر کوئی چیز سب سے سستی ہے تو وہ موت ہے۔
انہوں نے بیان کیا : شریف برادران سے یہی کہنا ہے کہ پنجاب میں انسانی احترام ختم ہو گیا ہے، ہر جگہ انسانیت کی تذلیل ہو رہی ہے، جمہوری دور میں بھی ایف آئی آر کٹوانا بھی مشکل ہو گیا ہے، ایف آئی آر کے لئے بھی لوگ دھرنے اور ریلیاں نکالنے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔