رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے کہا : ہم اپنی سرزمین کو کسی ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے اور ملک بھر میں دہشت گردوں کے خلاف بلا امتیاز آپریشن جاری رہے گا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کرم ایجنسی کے علاقے ٹل میں آپریشنل مورچوں کا دورہ کیا اور وہاں موجود پاک فوج کے جوانوں سے ملاقات کی جب کہ اس دوران آرمی چیف کو کومبنگ آپریشن کے بارے میں بریفنگ دی گئی اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے حوالے سے بھی آگاہ کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے آپریشن میں دہشت گردوں سے برسرپیکار جوانوں کے بلند حوصلے کو سراہتے ہوئے کہا : پاکستان کی مسلح افواج کی کامیاب کارروائیوں سے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کا خاتمہ ہورہا ہے۔
جنرل راحیل شریف نے بیان کیا : ملک بھر سے دہشت گردوں کے سلیپرزسیل اورنیٹ ورک ختم کررہے ہیں، فاٹا میں آپریشنز سے صورتحال مزید بہتر ہورہی ہے ۔ انہی کامیابیوں کی بدولت ملک کا امن اور خوشیاں دوبارہ لوٹ آئیں۔