رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل حجت الاسلام عارف حسین واحدی نے کہاہے کہ عزاداری سید الشہداء کے سلسلے میں کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائیگی، مجالس و جلوس ہائے عزا صدیوں سے جاری اور ہمارے بنیادی حقوق ہیں ، ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنائے لیکن اس کی آڑ میں مجالس یا جلوسوں پر پابندی کسی صورت قبول نہیں،قائد ملت جعفریہ پاکستان حجت الاسلام سید ساجد علی نقوی کے فرمان کے مطابق 1438ہجری کو سال عزاداری کے طور پر منائینگے
انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے شروع ہوتے ہی ایک خوف کی فضاء قائم کرنے کی کوشش کی جاتی ہے، مختلف ذرائع سے افواہوں کے بازار گرم کئے جاتے ہیں، اسی کی آڑ میں صدیوں سے جاری مجالس و جلوس ہائے عزا پر طرح طرح سے پابندیاں عائد کرنے کی کوشش کی جاتی ہے لیکن ہم واضح کردیں کہ ہم اس سلسلے میں کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کرینگے کیونکہ یہ ہماری شہری آزادیوں اور بنیادی حقوق کا مسئلہ ہے ۔
حجت الاسلام عارف حسین واحدی کا کہنا تھا کہ قائد ملت جعفریہ پاکستان حجت الاسلام سید ساجد علی نقوی کے حکم کے مطابق نئے اسلامی ہجری سال 1438ء کو سال عزاداری کے طور پر منائینگے اور عزاداری کے ذریعے ہی عزاداری کا تحفظ کرینگے ۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنائے لیکن اس کی آڑ میں عوام پر طرح طرح کی پابندیاں نا قابل قبول ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے تمام عزاداران و بانیان مجالس کو ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ وہ متحد رہیں،اتحاد بین المسلمین کا پیغام عام کریں ۔/۹۸۹/ف۹۴۰/