
رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق شیعہ علما کونسل پنجاب کے صدر حجت الاسلام سید سبطین حیدر سبزواری نے سیالکوٹ کے گاوں کوٹلی لوہاراں میں عاشورہ محرم کوجلوس نکالنے والے عزاداروں سے تھانہ کینٹ میں ہونے والے غیر انسانی توہین آمیز سلوک اور ایس ایچ او کی بدتمیزی کی شدید مذمت کی ہے ۔
انہوں نے تاکید کرتے ہوئے بیان کیا : وزیراعلیٰ شہباز شریف، آئی جی پولیس اس واقعہ کا فی الفور نوٹس لیں اور تمام اسیروں لو فورا رہا کیا جائے ۔
علما کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے حجت الاسلام سبطین سبزواری نے کہا : ملت جعفریہ میں تشویش پائی جاتی ہے کہ کوٹلی لوہاراں کے جلوس کے شرکا کو گرفتار کر کے تھانہ کینٹ میں رکھا گیا جس کے ایس ایچ او رانا ذوالفقار نے بانی جلوس ذوالفقارشاہ کو برہنہ کرکے اس پر بہیمانہ تشدد کیا، اس کی توہین کی اور اہل بیت عظام کے بارے میں بکواسات کرتا رہا۔
انہوں نے کہا : ایسے متعصبانہ اور گستاخانہ رویے قطعی طور پر برداشت نہیں کئے جا سکتے۔ ہم آئی جی پنجاب اور ڈی پی او سیالکوٹ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ایس ایچ او رانا ذوالفقار کے خلاف توہین مذہب اور تشدد کے مقدمات درج کرکے اسے گرفتار کیا جائے۔ اور وزیراعلیٰ بھی غیر انسانی سلوک کا نوٹس لیں، ورنہ احتجاج کریں گے۔
حجت الاسلام سبطین سبزواری نے کہا : عزاداری کے تحفظ کے لئے ملت جعفریہ کا ہر کارکن اپنی جانیں بھی قربان کرانے کے لئے تیار ہے، پولیس کے ظالمانہ سلوک پر احتجاج کریں گے اور عزاداری کو جاری رکھیں گے۔/۹۸۹/ف۹۴۰/