رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شامی فوج کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ متعلقہ اداروں نے آزاد ہونے والے علاقوں میں تعمیر نو اور بحالی کا کام شروع کردی ہے جبکہ ان علاقوں میں سیکورٹی مکمل طور پر بحال کردی گئی ہے۔
خبروں کے مطابق سو کے قریب شامی خاندان، گزشتہ ماہ دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد ہونے والے علاقے "مساکن ھنانو" واپس آگئے ہیں۔
شامی فوج اس علاقے میں سیکورٹی کو مضبوط بنانے کے کوشش کر رہی ہے جبکہ متعلقہ سرکاری ادارے لازمی خدمات کی فراہمی میں مصروف ہیں۔ شامی اور روسی پرچم والی دس مسافر بسیں مغربی حلب سے براہ راست مشرقی حلب کے ان علاقوں میں پہنچ گئی ہیں جنہیں حال ہی میں دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرایا گیا ہے۔
شام کے ہیومن رائٹس آبزرویٹر گروپ کے مطابق مشرقی حلب کے ساٹھ فی صد سے زائد علاقے پر شامی فوج نے اپنا کنٹرول قائم کرلیا ہے ۔
قابل ذکر ہے حلب شہر کافی عرصے سے دوحصوں میں تقسیم ہے جس کے مغربی حصے پر شامی فوج کا کنٹرول ہے جبکہ مشرقی حصے پر سن دو ہزار گیارہ سے دہشت گردوں نے قبضہ کر رکھا ہے اور شامی فوج اسے آزاد کرانے کی کوشش کر رہی ہے۔/۹۸۸/ن۹۴۰