رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق المسیرہ ٹیلی ویژن نے خبر دی ہے کہ سعودی اتحاد کے تیس فوجی اس وقت ہلاک ہو گئے جب یمنی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے صوبہ الجوف کے ضلع متون میں گھات لگا کر حملہ کر دیا۔
ہلاک ہونے والوں میں سعودی اتحاد کے متعدد کمانڈر بھی شامل ہیں۔ سعودی اتحاد کے آٹھ فوجیوں کو گرفتار بھی کرلیا گیا ہے جبکہ بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی ضبط کر لیا گیا۔
یمنی فوج نے صوبہ حجہ کے علاقے صحرائے میدی میں بھی سعودی اتحاد کے ٹھکانوں پر راکٹوں سے حملے کیے ہیں۔ فوری طور پر ان حملوں میں ہونے والے جانی نقصان کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔
یمن کی عوامی رضاکار فورس کے جوانوں نے جنوبی سعودی عرب کے سرحدی علاقے نجران میں گھات لگا کر کیے جانے والے حملے میں ایک سعودی فوجی کو ہلاک کر دیا ہے۔
دوسری جانب سعودی حکومت کے جارح طیاروں نے ایک بار پھر یمن کے مختلف علاقوں میں رہائشی آبادیوں پر بمباری کی ہے۔
یمن کے صوبے الجوف کے ضلع متون کے ایک بازار پر سعودی طیاروں کی وحشیانہ بمباری میں کم سے کم چھے عام شہری شہید اور درجنوں زخمی ہوئے ہیں۔
المسیرہ ٹی وی کے مطابق سعودی حکومت کے لڑاکا طیاروں نے صوبہ تعز کے علاقے مخا اور صوبہ صعدہ کے علاقے حیدان پر بھی متعدد بار بمباری کی ہے۔/۹۸۹/ف۹۴۰/