رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق عراقی فوج کی نینوا کمانڈ کے جاری کردہ بیان کے مطابق فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوان، بڑی تیزی کے ساتھ رشیدیہ کے علاقے میں داخل ہوئے اور داعشی دہشت گردوں کو علاقے سے پیچھے دھکیل دیا۔
رشیدیہ کے علاقے کو مغربی موصل میں داعش کا اہم اور آخری ٹھکانہ تصور کیا جاتا ہے
بیان کے مطابق عراقی فوج کے جوانوں نے رشدیہ میں واقع اہم عمارتوں پر قومی پرچم لہرا دیا ہے۔
عراقی فوج کے جوان اب مغربی موصل کے دیگر علاقوں کی جانب پیشقدمی کر رہے ہیں۔
دوسری جانب موصل کے شمالی سیکٹر میں عراقی فوج اور عوامی رضاکار فورس کے جوانوں کی پیش قدمی کا سلسلہ جاری ہے جس کے دوران متعدد نواحی علاقوں کو داعش کے قبضے سے آزاد کرا لیا گیا۔
عراقی وزارت دفاع کے جاری کردہ بیان کے مطابق شمالی سیکٹر میں ہونے والی لڑائی کے دوران پچاس داعشی دہشت گرد ہلاک جبکہ متعدد کار بموں کو تباہ کر دیا گیا۔
عراقی فضائیہ نے شمال مغربی موصل کے شہر تلعفر میں داعشی دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی جس کے نتیجے میں داعش کا ایک مقامی سرغنہ اپنے متعدد ساتھیوں کے ساتھ ہلاک ہو گیا۔/۹۸۹/ف۹۴۰/