07 February 2017 - 21:11
News ID: 426172
فونت
چاروں گرفتار دہشت گرد افغان سکیورٹی فورسز کیساتھ جھڑپ میں زخمی ہونے کے بعد غیرقانونی طور پر پاکستان میں داخل ہوئے تھے، تاہم خفیہ ادراوں کی بروقت اطلاع پر انہیں گرفتار کیا گیا۔
داعش


رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سکیورٹی اداروں نے خیبر ایجنسی میں داعش سے تعلق رکھنے والے گرفتار 4 دہشت گردوں کو میڈیا کے سامنے پیش کرنے کے بعد پاک افغان بارڈر طورخم پر افغان حکام کے حوالے کر دیا۔ چاروں گرفتار دہشت گرد افغان سکیورٹی فورسز کیساتھ جھڑپ میں زخمی ہونے کے بعد غیرقانونی طور پر پاکستان میں داخل ہوئے تھے، تاہم خفیہ ادراوں کی بروقت اطلاع پر انہیں گرفتار کیا گیا۔

اسسٹنٹ پولیٹکل ایجنٹ نیاز محمد نے لنڈی کوتل میں پریس کانفرنس میں کہا کہ داعش  کے گرفتار ہونے والے چاروں دہشت گردوں کا تعلق افغان صوبے ننگرہار سے ہے، جن میں جاوید خان ولد محمد عمر، نعمت اللہ عرف حامداللہ ولد عین اللہ، المین ولد اللہ نظر اور صفی اللہ عرف خان بابا ولد عین اللہ شامل ہیں۔

پولیٹکل انتظامیہ لنڈی کوتل کے مطابق یہ دہشت گرد پاک افغان بارڈر طورخم سے ملحقہ علاقے میں افغان سکیورٹی فورسز کے ساتھ ایک جھڑپ میں زخمی ہو گئے تھے اور زخمی حالت میں پاک افغان بارڈر طورخم کراس کر کے پاکستان میں داخل ہو گئے تھے  لیکن خفیہ اداروں کی بروقت اطلاع پر کارروائی کر تے ہو ئے انھیں گرفتار کیا گیا تھا۔

نیاز محمد کا کہنا تھا کہ چاروں دہشت گردوں کو  جذبہ خیر سگالی کے تحت ڈی پورٹ کر کے افغان حکام کے حوالے کیا گیا ہے تاکہ ان پر مقدمہ چلایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی اس جنگ میں پاکستانی فوج اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے بلاتفریق کاروائیاں کرتے رہین گے اور پاک افغان بارڈر طورخم پر بارڈر منیجمنٹ کی مضبوطی ایک مثبت قدم ہے جبکہ غیر قانونی آمدورفت کو مکمل طورپر بند کرانا اشد ضروری ہے۔/۹۸۹/ف۹۴۰

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬