رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان حجت الاسلام مختار امامی نے صوبائی سیکرٹریٹ سولجربازار میں جنرل ورکر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین کے زمہ داران اور کارکنان تمام مکاتب فکر کے امن پسند اور محب وطن علماء عمائدین اور دانشوروں سے مل کر ملک دشمنوں کی سازشوں کیخلاف جدوجہد کریں، پاکستان میں شیعہ سنی متحد ہیں۔
انہوں نے بیان کیا : تخریب کاروں اور انتہاپسندوں کا اسلام تو کیا انسانیت سے بھی کوئی تعلق نہیں، حکومت دہشتگردوں کے سہولت کاروں اور سیاسی سرپرستوں کیخلاف ایکشن لے۔
انہوں نے پاناما کرپشن کیس پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاناما کرپشن کیس کے حوالے سے شریف خاندان والے عدالت میں ابھی تک کوئی منی ٹریل نہیں دے سکے بلکہ جب بھی منی ٹریل کی بات کی جاتی ہے کوئی نہ کوئی قطری سامنے آ جاتا ہے، قطری خطوط ہماری قوم اور عدلیہ کی توہین ہیں۔
حجت الاسلام مختار امامی نے کہا کہ ملکی تاریخ میں کرپشن کا سب سے بڑا کیس عدالت میں زیر سماعت ہے اور حکومتی نمائندوں کا ایک ٹولہ روزانہ کی بنیاد پر عوام کو گمراہ کن باتوں سے مایوس کر رہا ہے، قوم کی قسمت کا فیصلہ اب سپریم کورٹ کے 5 رکنی بینچ کے ہاتھوں میں ہے۔/۹۸۹/ف۹۴۰/