رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل حجت الاسلام احمد اقبال رضوی نے کہا کہ پاک چائنہ اکنامک کاریڈور سے تجارتی سرگرمیوں کا آغاز کرکے ملکی تاریخ کے اہم سنگ میل کو عبور کر لیا گیا ہے، دشمن کے ناپاک عزائم خاک میں مل گئے، راہداری کے اس عظیم منصوبے سے بلوچستان اور گلگت بلتستان کی محرومیاں ختم ہو جائیں گے، حکومت گلگت بلتستان اور بلوچستان جو اس میگا پروجیکٹ کے شہ رگ ہیں، کو اتنی اہمیت دے جتنی دیگر صوبوں کو دے رہی ہے،
ان خیالات کا اظہار ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ احمد اقبال رضوی نے وحدت ہاوس میں ایم ڈبلیو ایم کے ضلعی و صوبائی اراکین کے اہم اجلاس سے خطاب میں کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشتگردی اور انتہا پسندی کے پیچھے بھارت اور امریکہ ملوث ہیں، ہمیں امریکیوں کے چنگل سے نکلنا ہوگا، امریکہ در پردہ بھارت کو پاکستان پر مسلط کرنے کی کوشش میں ہے ۔
انہوں نے کہا کہ دشمن ہمیں مسلکی بنیاد پر تقسیم کرکے ملکی سلامتی پر وار کرنے کی سازش میں ہے، لہذا ہمیں ممبر و محراب سے اتحاد اور یکجہتی کا پیغام عام کرکے دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانا ہوگا، ان شاء اللہ ہم اتحاد اور بھائی چارے کی فضا کو قائم کرکے ہر محاذ پر ملک دشمنوں سے مقابلہ کرینگے، جس طرح پاکستان کے حصول کے لئے ہمارے آباو اجداد نے قربانیاں دی ہیں، عین اسی طرح اس مملکت خداداد کو بچانے کے لئے ہم اپنے لہو کے آخری قطرے تک جدو جہد جاری رکھیں گے۔ /۹۸۸/ ن۹۴۰