رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل حجت الاسلام عارف حسین واحدی نے کہا ہے کہ دہشت گرد انسانیت اور امن کے دشمن ہیں، دہشتگردوں کا کوئی مذہب نہیں۔
انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا : دہشتگردی سے عوام سے لے کر اعلیٰ افسران تک کوئی محفوظ نہیں، ایک سازش کے تحت ملک کے حالات خراب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، عوام متحدہوکر ملک دشمنوں کے عزائم خاک میں ملائیں، حکومت قوم کو حقائق سے آگاہ کرے۔
شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل نے کہا : دہشت گردی کے واقعات میں کمی نہیں آرہی اور آئے روز دہشت گردی کی وارداتوں سے یہ بات واضح ہوتی جارہی ہے کہ دہشت گرد ملک میں امن کے دشمن ہیں۔
انہوں نے کہا : ملک دشمن عناصر ایک سازش کے تحت وطن عزیز میں دہشتگردی کرکے اپنے مذمو م مقاصد حاصل کرناچاہتے ہیں اس لئے عوام اتحاداور باہمی رواداری و بھائی چارے کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک دشمنوں کے عزائم خاک میں ملائیں۔
اس موقع پر لاہورمیں خود کش بم دھماکوں پر بھی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا : ملک میں عام شہریوں سے لے کر ججز، فوجی افسران، علماء کرام، بے یارو مددگار مسافر، صحافیوں سمیت کسی بھی جان محفوظ نہیں، عبادت گاہوں سے لیکر اقلیتی برادری تک تمام طبقات دہشت گردی کا شکار ہیں۔
شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل نے کہا : پورا ملک بد امنی کی تصویر بنا ہوا ہے اس لئے اب وقت ہے عوام کو اصل حقائق سے آگاہ کیا جائے کیونکہ جب تک دہشت گردوں کے سرپرستوں کو بے نقاب کرکے انہیں کیفر کردار تک نہیں پہنچایا جاتا اس وقت تک ملک میں امن و استحکام کا خواب شرمندۂ تعبیر نہیں ہوسکتا۔
انہوں نے کہا : اسلام رواداری، برداشت، تحمل اور امن کا مذہب ہے اور اقلیتوں سے بھی حسن سلوک کا درس دیتاہے ۔
حجت الاسلام عارف حسین واحدی نے علمائے کرام اور قوم سے اپیل کرتے ہوئے کہا : وہ اس نازک صورتحال کے پیش نظر رواداری، بھائی چارے اور وحدت کا درس دیں تاکہ ملک میں باہمی محبت و روداری کو فروغ دیکر امن و استحکام قائم کیا جاسکے۔ بعد ازاں انہوں نے مذکورہ واقعات میں جاں بحق افراد کیلئے دعائے مغفرت اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی جبکہ زخمیوں کی بھی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی۔/۹۸۹/ف۹۴۰/