رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق موصل سے موصولہ خبروں میں کہا گیا ہےکہ عراقی افواج نے موصل شہر کے ہوائی اڈے کو پوری طرح داعش کے قبضے سے آزاد کرالیا ہے جسے داعش کا ایک مضبوط گڑھ سمجھاجاتا تھا۔
اطلاعات ہیں کہ عراقی افواج نے موصل کے مغربی علاقے کا محاصرہ مزید تنگ کردیا ہےاور موصل شہر سے متصل داعش کی ایک بڑے اڈے کے قریب پہنچ گئی ہیں۔
عراق کے فوجی ذرائع کا کہنا ہےکہ موصل ہوائی اڈے کو آزاد کرانے کی کارروائیوں میں سریع الحرکت فورس اور انسداد دہشت گردی فورس کے جوانوں نےبھی حصہ لیا۔
عراق کے سرکاری ٹیلی ویژن چینل نے اس سے پہلے خبردی تھی کہ عراقی افواج موصل ہوائی اڈے کے اندر داخل ہوگئی ہیں۔
اس درمیان عراقی وزیراعظم حیدرالعبادی نے موصل کے مغربی علاقوں کی آزادی کی کارروائیوں کے دوران عام شہریوں کی جان کی سلامتی کا خاص خیال رکھے جانے پر تاکید کی ہے۔
عراقی وزیراعظم نے موصل کے مغربی علاقے کو داعش کے قبضے سے آزاد کرانے کی اہم کارروائیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہاکہ موصل کے مغربی علاقے کو آزاد کرانے کی کارروائیاں تمام تر مشکلات کے باوجود توقع سے کہیں زیادہ تیزی کے ساتھ آگے بڑھ رہی اور ہم اپنے طے شدہ پروگرام سے آگے چل رہے ہیں۔/۹۸۹/ف۹۴۰/