رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، عراق کے وزیر اعظم حیدر العبادی نے اپنے ترک ہم منصب بن علی یلدرم سے ٹیلی فون پر بات چیت کرتے ہوئے یہ بات زور دے کر کہی کہ ترک فوج کو عراقی سرزمین سے فوری طر پر نکل جانا چاہئے۔
عراق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ترک فوج کا انخلا ضروری ہے کیونکہ اس کا ہمارے ملک کی ارضی سالمیت اور اقتدار اعلی سے براہ راست تعلق ہے۔
دونوں ملکوں کے وزرائے اعظم نے داعش کے خلاف جنگ اور عراقی فوج کی حالیہ کامیابیوں کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا۔
ترک وزیر اعظم نے اس موقع پر داعش کے خلاف جنگ میں عراقی فوج کی کامیابی پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی صوبہ نینوا سیمیت عراق کے سب ہی علاقوں کو جلد داعش کے قبضے سے آزاد کرالیا جائے گا۔
درایں اثنا عراقی وزیر اعظم نے عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل احمد ابوالغیط کے ساتھ ملاقات میں دہشت گردی کے خلاف متحد ہونے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ عرب لیگ کا آئندہ سربراہی اجلاس دہشت گردی کے خلاف جنگ کے حوالے سے نتیجہ خیز ثابت ہوگا۔
عرب لیگ کے سیکریٹری جنرل احمد ابوالغیط نے اس موقع پر داعش کے خلاف جنگ میں عراقی فوج کی حالیہ کامیابیوں پر مبارک باد پیش کی۔ /۹۸۹/ ف۹۳۰/ ک۲۵۹