رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ہندوستان کی الگ الگ سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کی جانب سے ای وی ایم پر سوالیہ نشان لگانے کے بعد سپریم کورٹ نے اس سلسلے میں ایک شکایت کی سماعت کے بعد الیکشن کمیشن سے جواب طلب کر لیا-
سپریم کورٹ نے ای وی ایم سے چھیڑ چھاڑ کے معاملے پر سوال اٹھائے جانے پر کہا ہے کہ اگر مشینوں میں گڑبڑی کی گئی ہے تو اس کی امریکی ماہرین سے جانچ کرائی جائے تاہم سپریم کورٹ نے درخواست گزار کی سی بی آئی کے ذریعے معاملے کی تحقیقات کی درخواست کو مسترد کر دیا-
درخواست گزار وکیل ایم ایل شرما نے اپنی درخواست میں کہا ہے کہ ای وی ایم میں کئی خامیاں ہیں اور ان مشینوں سے غیر جانبدارانہ انتخابات اور ان کے نتائج نہیں آسکتے-
واضح رہے کہ حالیہ پانچ ریاستی اسمبلیوں کے انتخابی نتائج خاص طور پر ریاست اترپردیش کے نتیجے سامنے آنے کے بعد بہوجن سماج پارٹی کی سربراہ مایاوتی نے ای وی ایم پر سوال اٹھایا تھا جس کے بعد مختلف جماعتوں کے رہنماؤں کی طرف سے ای وی ایم پر سوالیہ نشان لگائے گئے تھے- مایاوتی کا کہنا تھا کہ ای وی ایم میں بی جے پی کے حق میں چھیڑ چھاڑ کی گئی ہے۔/۹۸۸/ ن۹۴۰