رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، خانہ فرہنگ اسلامی جمہوریہ ایران ملتان میں عید نوروز کے سلسلہ میں تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علما کرام، ادیب، سماجی رہنماؤں اور عمائدین شہر نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معروف شاعر و ادیب پروفیسر ڈاکٹر اسلم انصاری نے کہا کہ پاکستان اور ایران ایک دوسرے کے دکھ سکھ کے ساتھی ہیں، انشاء اللہ یہ ساتھ ہمیشہ تک رہے گا، ایران نے بہت ہی کم وقت میں ترقی کی جو منازل طے کی ہے اس کی مثال ماضی میں نہی ملتی، ماہر تعلیم پروفیسر ڈاکٹر حمید رضا صدیقی نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے برادرانہ تعلقات ہیں، پوری پاکستانی قوم ایران کے جشن نوروز میں برابر کی شریک ہے ۔
روزنامہ پاکستان کے ریذیڈنٹ ایڈیٹر شوکت اشفاق نے کہا کہ جشن نوروز کی تاریخی طور پر بڑی اہمیت ہے، جسے ایرانی قوم جوش جذبے کے ساتھ مناتی ہے۔ ملتان میں جشن نوروز کی تقریب منعقد کرنا خوش آئند ہے، خانہ فرہنگ ایران کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہیں، شیعہ علماء کونسل کے رہنما مولانا سید مجاہد عباس گردیزی کا کہنا تھا کہ جشن نوروز کا آغاز پارسی مذہب سے شروع ہوا جسے اب سرکاری سطح پر منایا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوروز کا تہوار مذہبی طور پر ایک اہمیت کا حامل ہے۔ محمد بن قاسم بلائنڈ سنٹر کی ڈائریکٹر سعدیہ کرمانی نے کہا کہ پاکستان میں جشن نوروز جیسی تقریبات کے انعقاد سے ایران اور پاکستان کے دوستانہ رشتے مزید مضبوط ہوں گے، اس موقع پر انچارج خانہ فرہنگ ایران سیدہ خانم زاہدہ بخاری، قاری ابوبکرنقشبندی، مدرس جامعہ مخزن العلوم مولانا کاظم علی حیدری، سہیل عابدی، شفقت ملک، آسیہ رفیق، امجد بلوچ، قلب عابد، غضنفر ملک، مولانا ایاز الحق قاسمی، علامہ ڈاکٹر محمد ارشد بلوچ، مولانا ثقلین نقوی، مولانا عبدالحنان حیدری، مرتضی گردیزی، رمیز حسین سمیت دیگر نے بھی شرکت و خطاب کیا۔ /۹۸۸/ ن۹۴۰