30 March 2017 - 18:17
News ID: 427198
فونت
حجت الاسلام مقصود ڈومکی:
مجلس وحدت مسلمین پاکستان سندھ کے سیکرٹری جنرل نے کہا : حکومت کا بنیادی فرض ہے کہ وہ انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے ہر سطح پر مثبت اقدامات کرے اور صوبائی سطح پر ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ کی آگاہی مہم فی الفور شروع کرے۔
حجت الاسلام مقصو د علی ڈومکی

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مجلس وحدت مسلمین پاکستان سندھ کے سیکرٹری جنرل حجت الاسلام مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ ایم ڈبلیو ایم کے تحت شدید گرمی اور ہیٹ اسٹروک کے خطرے کے پیش نظر کراچی سمیت سندھ بھر میں شہریوں کی سہولت کیلئے سبیل شہدائے کربلا لگائی جائیں گی۔

اس کے ساتھ ساتھ ہیٹ اسٹروک سے بچاو کی آگاہی مہم بھی چلائے جائے گی، یہ اعلان انہوں نے صوبائی وحدت آفس میں کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

حجت الاسلام مقصود ڈومکی نے کہا کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں شدید گرمی اور ہیٹ اسٹروک سے بچاو کیلئے صوبائی حکومت نے اب تک کسی بھی قسم کے عملی اقدامات نہیں اٹھائے ہیں، ہیٹ اسٹروک کے خطرے سے عملاً لاتعلقی کا اظہار سندھ حکومت کی بے حسی کا کھلا مظہر ہے، گزشتہ برسوں کے دوران بھی کراچی سمیت سندھ بھر میں ہیٹ اسٹروک کے باعث سینکڑوں قیمتی انسانی جانیں ضائع ہوگئی تھیں اور گھر گھر کہرام مچ گیا تھا۔

اس سال بھی کراچی میں شدید گرمی پڑنے اور ہیٹ اسٹروک کی پیشن گوئیاں کی جارہی ہیں لیکن اس کے باوجود حکومت سندھ کی جانب سے انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے اب تک کسی بھی قسم کے عملی اقدامات نہیں کئے گئے جو قابل مذمت ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ حکومت کا بنیادی فرض ہے کہ وہ انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے ہر سطح پر مثبت اقدامات کرے اور صوبائی سطح پر ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ کی آگاہی مہم فی الفور شروع کرے۔

سندھ حکومت کو کراچی سمیت صوبے کی عوام کا احساس ہے تو وہ کے الیکٹرک و دیگر بجلی فراہم کرنے والے اداروں کو گرمیوں میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا پابند کرے، اسپتالوں میں ہیٹ اسٹروک وارڈ قائم کرے، وہاں ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جائیں اور اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرے۔

حجت الاسلام مقصود ڈومکی نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ کراچی سمیت صوبے بھر میں ہیٹ اسٹروک سے انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے فی الفور ہر سطح پر ٹھوس اور عملی اقدامات کئے جائیں اور تمام متعلقہ اداروں کو فعال اور متحرک کیا جائے۔/۹۸۹/ف۹۴۰/

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬