:
محب وطن عالم دین کی گرفتاری انتہائی تنگ نظر اور متعصب ذہنیت کو ثابت کرتی ہے
رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مجلس وحدت مسلمین گلگت بلتستان کے صوبائی سیکریٹری جنرل حجت الاسلام آغا علی رضوی نے بزرگ عالم دین شیخ بلال سمائری کی بلاجواز گرفتاری پر سخت رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ایک محب وطن اور امن و محبت کے پرچار کرنیوالے عالم دین کی گرفتاری صوبائی حکومت کی انتہائی تنگ نظر اور متعصب ذہنیت کو ثابت کرتی ہے۔
انہوں نے کہا : اس وقت گلگت بلتستان حکومت ویمن ٹریفکنگ، سکردو روڈ کی تعمیر، آئینی حقوق، سی پیک میں حصہ لینے، سمیت دیگر کئی اہم ترین مسائل کی گرداب میںبری طرح پھنسے ہوئے ہیں، اور چاہتی ہے کہ کسی طرح عوام کی توجہ ان امورسے ہٹا کر کسی اور طرف مبذول کرادیں۔
انہوں نے بیان کیا : ہم ایسے تمام اوچھے ہتھکنڈوں کی بھرپور مذمت کرتے ہیں جو مقامی حکومت اپنی نا اہلیوں اور سیاہ کاریوں سے عوام کی توجہ ہٹانے کیلئے استعمال کررہی ہے۔
انہوں نے کہا : اس سے قبل بھی بیلینس پالیسی کے تحت کئی علماء کو شیڈول فور میں ڈال چکے اور اب ایک عالم دین کو پابند سلاسل کربیٹھے ہیں۔ حکومت اگر سمجھتی ہے کہ شیخ بلال سمائری کو سلاخوں کے پیچھے ڈال کر علما ء کی زبان بندی کر سکتی ہے تو یہ اسکی بھول ہے۔
حجت الاسلام آغا علی رضوی نے تاکید کی : ہم متنبہ کرتے ہیں اگر انہیں جلد رہا نہیں کرتی اور اپنے فرائض کو عوامی امنگوں کے مطابق ادا نہیں کرتی تو حکومت کو بھرپور عوامی رد عمل کا سامنا کرنا پڑیگا اور یہ سب جانتے ہیں کہ ہم متعصب کارتوتوں کے خلاف کسی بھی حد تک جاسکتے ہیں۔/۹۸۹/ف۹۴۰/