رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل حجت الاسلام راجہ ناصر عباس جعفری نے افغانستان کے دارالحکومت کابل کے سفارتی علاقے میں بم دھماکے کے نتیجے میں 80سے زائد قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں نے دنیا کے امن و امان کو تباہ کر کے رکھ دیا ہے۔اس دہشت گردی کا سب سے زیادہ نقصان مسلم ممالک نے اٹھایا ہے۔پاکستان کو بھی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھاری قیمت چکانی پڑی ہے۔خطے میں دہشت گردی کے خلاف تمام ممالک کو ایک دوسرے سے تعاون کرنا چاہیے تاکہ مذموم عناصر کو عبرت ناک انجام سے دوچار کیا جا سکے۔ افغانستان میں دہشت گردی کا حالیہ واقعہ افسوسناک ہے۔
انہوں نے بیان کیا : یہود و نصاری کے ٹکروں پر پلنے والے ناپاک عناصر عالم اسلام کو انتشار کا شکار کر کے صیہونی و نصرانی اہداف کی تکمیل چاہتے ہیں۔مسلم ممالک کا باہمی اتحاد ان مذموم قوتوں کے غیر انسانی اقدامات کو ان کی شکست میں بدل سکتا ہے۔پاکستان اور دیگر مسلم برادر ممالک کے درمیان مضبوط اور پائیدار تعلق کا فروغ ہی ہم سب کے حق میں ہیں۔ہمیں ان تعلقات کو سازشوں کی بھینٹ نہیں چڑھنے دینا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاکستان اور افغانستان کو انٹیلی جینس معلومات شیئرنگ سمیت مشترکہ لائحہ عمل طے کرنا چاہیے۔ دہشت گردی کے عفریت نے دونوں ممالک کی معشیت کو کھوکھلا کر کے رکھ دیا ہے۔خطے کا امن و استحکام دہشت گردی کے خلاف مشترکہ کوششوں سے مشروط ہے۔انتہا پسندوں کے خلاف جاری جنگ میں پاکستان افواج کی رد الفساد سے موثر نتائج سامنے آئے ہیں۔اگر افغانستان بھی انہی کوششوں میں اپنا حصہ ڈالا تو دونوں ممالک میں امن قائم ہوسکتا ہے۔/۹۸۹/ف۹۴۰/