رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے لاہور میں مفتی محمد حبیب قادری کی رہائش گاہ پر مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ جے آئی ٹی کو دباؤ میں لانے کا کوئی حربہ کامیاب نہیں ہوگا، وزیراعظم اپنے حواریوں سے بیان دلوا کر خود اچھا بن جاتا ہے، جے آئی ٹی کو ڈرانے اور دھمکانے کے ہتھکنڈے شرمناک ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے گھر جانے میں صرف 100 دن باقی ہیں، کابل میں دھماکہ دہشتگردی کی بدترین کارروائی ہے، حکومت رمضان المبارک کے دوران لوڈشیڈنگ کم کرنے میں ناکام ہو چکی ہے، روزے داروں کی بد دعائیں حکومت کو لے ڈوبیں گی۔
صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ ن لیگ ضمیروں کی سوداگر ہے، سپریم کورٹ پر حملہ کرنیوالی ن لیگ اپنی تاریخ کو دہرا رہی ہے، حکمران خاندان کا عبرتناک انجام قریب ہے، نہال ہاشمی کو گرفتار کرکے سخت سزا دی جائے، حکومت عوام کو ریلیف نہیں تکلیف دے رہی ہے۔
صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ بھارت کشمیریوں کی نسل کشی میں مصروف ہے، حکومت عالمی سطح پر بھارتی چہرہ بے نقاب کرے، بھارت کیخلاف سفارتی مہم نہ چلا کر حکومت نے مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کیا، حکمران عوام کے مسائل سے لاتعلق ہوکر اپنی کرپشن کے دفاع میں مصروف ہیں۔/۹۸۹/ف۹۴۰/