رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق افغانستان کے مشرقی صوبے پکتیا میں متعدد خود کش بمباروں نے پولیس ہیڈ کوارٹر پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 5 پولیس اہلکار جاں بحق اور 4 زخمی ہو گئے جبکہ پولیس فائرنگ سے 2 حملہ آور اور بعض اطلاعات کے مطابق 4 حملہ آور ہلاک ہو گئے ہیں۔
طالبان کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اس گروہ کے متعدد خود کش بمباروں نے افغانستان کے مشرقی صوبے پکتیا میں پولیس ہیڈ کوارٹر پر حملہ کردیا۔ فورسز کی جوابی کارروائی میں 4 خود کش بمباروں کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ملی ہیں۔
موصولہ رپورٹوں کے مطابق کم سے کم 5 خود کش بمباروں نے اتوار کی صبح پکتیا کے پولیس ہیڈ کوارٹر پر حملہ کیا اور ایک خود کش بمبار نے صبح ساڑھے 6 بجے خود کو پولیس ہیڈکوارٹر کے پارکنگ ایریا کے قریب دھماکے سے اڑادیا جبکہ دیگر 4 خود کش بمباروں نے کمپاؤنڈ میں داخل ہونے کی کوشش کی تاہم اس دوران فورسز کی جوابی کارروائی میں مزید 3 ہلاک ہو گئے۔
افغان میڈیا کی رپورٹ میں وزارت داخلہ کے ترجمان کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ایک خود کش بمبار تاحال فورسز سے مقابلہ کررہا ہے۔ یاد رہے کہ افغانستان میں 1996 سے 2001 کے دوران طالبان نے افغانستان میں اپنی حکومت امارت اسلامیہ قائم کی تھی اور یہ گروہ ایک مرتبہ پھر ملک کا کنٹرول حاصل کرنے کے لیے جنگ میں مصروف ہے جبکہ اس کے علاوہ ملک میں داعش کے جنگجوؤں نے بھی کارروائیوں کا آغاز کررکھا ہے۔/۹۸۹/ف۹۴۰/