رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق شیعہ علماء کونسل پنجاب کے صدر حجت الاسلام سید سبطین حیدر سبزواری نے شیخ ولی خان المظفر نامی مولوی کی طرف سے امیرالمومنین حضرت علی علیہ السلام کی شان میں گستاخی کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس کیخلاف توہین مذہب کا مقدمہ درج کرنے اور اس گستاخ کی ناپاک جسارت کی سہولت کاری میں اردو اخبار (جہان پاکستان) پر پابندی کا مطالبہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نبی اور امام معصوم ہوتے ہیں، جن سے گناہ سرزد ہی نہیں ہوتا چونکہ وہ عصمت و طہارت کی مثال اور حجت خدا ہوتے ہیں، حضرت علی علیہ السلام پر نعوذ باللہ شراب نوشی کا الزام لگا کر ولی مظفر نے گستاخی کا ارتکاب کیا ہے اس کیخلاف سخت کارروائی کی جائے۔ کیا حضرت علی علیہ السلام صرف شیعیان حیدر کرار کے ہی امام ہیں؟ دوسرے مکاتب فکر انہیں اور کچھ نہیں تو خلیفہ راشد اور صحابی رسول تو مانتے ہیں وہ مولائے کائنات کی شان میں کی جانیوالی گستاخی پر خاموش کیوں ہیں؟ ۔
انہوں نے کہا کہ متعلقہ اخبار کا معذرت شائع کرنا کافی نہیں، مصنف کیخلاف مقدمہ درج کرکے اسے قرار واقعی سزا دی جائے، اس سے پہلے بھی ایک تنظیم کے ڈاکٹر کے نام سے مشہور سربراہ اور لاہور کے ایک صحافی بھی اس جعلی حدیث کی بنیاد پر گستاخی علی ؑکا ارتکاب کر چکے ہیں، ان کے خلاف مقدمات درج کئے گئے مگر سازش کے تحت کچھ عرصے پھر اس گروہ کی طرف سے اس گستاخی کو دہرایا جاتا ہے، حکومت اور متعلقہ اداروں نے نوٹس نہ لیا تو احتجاج ہوگا اور قانونی چارہ جوئی بھی کریں گے۔/۹۸۹/ف۹۴۰/