رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے لاہور میں تنظیمی عہدیداروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے حکمراں امریکہ کی غلامی میں قومی غیرت کا سودا کرنے میں شرم محسوس نہیں کرتے، امریکی غلامی سے نجات ہی پاکستان کے تمام مسائل کا حل ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹرمپ، پاکستان دشمنی پر اتر آیا ہے، ان حالات میں ہمارے حکمرانوں کو ملک کی سلامتی کے تحفظ کی فکر کرنی چاہیئے۔
صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ ٹرمپ کے اقدامات سے علاقائی امن و سلامتی کے لئے سنگین خطرات پیدا ہو چکے ہیں، ہماری کمزور اور غیر مؤثر خارجہ پالیسی کی وجہ سے پاکستان کے مسائل میں اضافہ ہو رہا ہے ۔
چیئر مین سنی اتحاد کونسل کا مزید کہنا تھا کہ حکومتی صفوں کو دہشت گردوں کے ہمدردوں سے پاک کرنے کی ضرورت ہے، قوم کو فرقہ وارانہ بنیادوں پر لڑانے کا غیر ملکی ایجنڈا کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کا پاراچنار نہ جانا بے حسی کا بدترین مظاہرہ ہے، امریکی جاسوس ریمنڈ ڈیوس کو رہا کروانے والے تمام کرداروں پر غداری کے مقدمات چلائے جائیں۔/۹۸۹/ف۹۴۰/