
رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق سے سربراہ مجلس وحدت مسلمین حجت الاسلام و المسلمین راجہ ناصر عباس جعفری نے ملاقات کی ہے، جس میں ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔
اس موقع پر امیر جماعت کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے حکمرانوں کی کرپشن کو بےنقاب کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، دونوں رہنماؤں کی ملاقات اسلام آباد میں ہوئی، اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم کے سیکرٹری سیاسیات اسد نقوی، مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل ناصر عباس شیرازی، حجت الاسلام اقبال بہشتی، جماعت اسلامی کے نائب امیر میاں محمد اسلم اور ملی یکجہتی کونسل کے رہنما ثاقب اکبر بھی موجود تھے۔
ملاقات میں موجودہ ملکی سیاسی صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم کے سربراہ حجت الاسلام و المسلمین ناصر عباس جعفری نے کہا کہ پانامہ کیس کے بعد وزیراعظم صادق اور امین نہیں رہے، انہیں مستعفی ہو جانا چاہئے۔
ملاقات میں رہنماوں نے سانحہ پاراچنار میں دہشتگردی کی کے واقعے کی مذمت کی اور ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ /۹۸۸/ ن۹۴۰