16 July 2017 - 09:54
News ID: 429034
فونت
حجت الاسلام راجہ ناصر عباس جعفری :
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل نے کہا : نواز شریف کے خلاف سازش نہیں ہو رہی بلکہ ان پر عائد الزامات اپنے ثبوتوں کے ساتھ منظر عام پر آچکے ہیں ۔
حجت الاسلام راجہ ناصر عباس جعفری

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل حجت الاسلام راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف مبہم بیانات کے ذریعے ریاستی اداروں کے خلاف عوام کے دلوں میں شکوک پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ وزیر اعظم اپنے خلاف سازش کا راگ الاپنے کی بجائے واضح انداز میں قوم کو آگاہ کریں کہ ان کے خلاف کون سازش کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے خلاف سازش نہیں ہو رہی بلکہ ان پر عائد الزامات اپنے ثبوتوں کے ساتھ منظر عام پر آچکے ہیں جسے وہ سازش قرار دے رہے ہیں۔ ماضی میں جب بھی کبھی حکمران ٹولے کی کرپشن کے خلاف کسی نے بات کی تو کہا گیا کہ جمہوریت کو خطرہ ہے۔ اب وزرات عظمی چھیننے کے خوف سے کہا جا رہا ہے کہ پاکستان کو پیچھے دھکیلا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نہ تو حکمران پارٹی جمہوریت ہے اور نہ ہی نواز شریف پاکستان ہیں۔ قوم باشعور ہو چکی ہے اور سیاسی نعروں کو اچھی طرح سمجھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پورے پاکستان کی نظریں سپریم کورٹ کی طرف لگی ہوئی ہیں ۔قوم اپنا پیسہ لوٹنے والے بدعنوان عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں دیکھنا چاہتی ہے۔اعلی عدلیہ کا فیصلہ یقیناًمنصفانہ ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ ایم ڈبلیو ایم جمہوریت پسند جماعت ہے۔ ارض پاک پر جمہوری نظام کے علاوہ کسی بھی نظام کی قطعاَ حمایت نہیں کی جا سکتی۔آئین پاکستان اور جمہوریت کی پاسداری کے ساتھ ساتھ بدعنوانی کی مخالفت ہمارا منشور ہے۔وطن عزیز کے استحکام کے لیے ضروری ہے کہ آئین پاکستان کے مطابق نیک اور صالح لوگوں کے ہاتھوں میں اقتدار سونپا جائے۔کرپٹ افراد کا اقتدار پر قابض رہنا غیر آئینی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں سمیت ملک کی تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں سے وہ رابطے میں ہیں۔ملک سے کرپشن کے خاتمے کے لیے کام کرنے والی جماعتوں کو ہماری بھرپور تائید حاصل رہے گی۔موجودہ حکومت نے قوم کو سوائے کرپشن اور دہشت گردی کے کچھ بھی نہیں دیا۔

انہوں نے بیان کیا کہ کالعدم جماعتوں کے سربراہوں اور حکومتی وزرا ءکے رابطے نیشنل ایکشن پلان کو ناکام بنانے کی کوشش ثابت ہوئے۔وزیر اعظم کے دن گنے جا چکے ہیں اور وہ یہ جان چکے ہیں کہ فیصلہ ان کے حق میں نہیں آنے والا۔/۹۸۹/ف۹۴۰/

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬