رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق لاہور میں پاکستان عوامی تحریک کے رہنماؤں کیساتھ ملاقات میں سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ نواز شریف محفوظ راستہ لینے کیلئے فوج اور عدلیہ سے سودے بازی کرنا چاہتے ہیں، حکمران سازشی تھیوری سے عوام کو گمراہ نہیں کر سکتے، کرپٹ حکمرانوں کے احتساب کو سازش قرار دینا لایعنی بات ہے، حکمران خاندان نے اقتدار و اختیار کو ہوس زر کی تسکین کا ذریعہ بنا رکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سی پیک کی تکمیل کا ذمہ فوج نے لے رکھا ہے، اس لئے نواز شریف کے جانے سے سی پیک منصوبے کو کوئی فرق نہیں پڑے گا، سانحہ ماڈل ٹاؤن کا مقدمہ قاتل حکمرانوں کے گلے کا پھندا بنے گا۔
صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ نواز شریف نے عدلیہ کا فیصلہ تسلیم نہ کیا تو ان کیخلاف دما دم مست قلندر ہو گا، وزیراعظم جمہوریت کیلئے خطرہ بن چکے ہیں، جے آئی ٹی کے ممبران پوری قوم کے حقیقی ہیرو ہیں، کرپشن کے بت پاش پاش ہونیوالے ہیں، شریف خاندان نے تیس سال سے پاکستان کو چراگاہ بنا رکھا ہے، حکمرانوں کا بس چلے تو کفن میں بھی جیبیں لگوا لیں، جنرل جیلانی کی انگلی پکڑ کر سیاست میں آنیوالا جمہوریت کا چمپئن نہیں ہو سکتا۔
چیئرمین سنی اتحاد کونسل کا مزید کہنا تھا کہ حکمران اپنے اقتدار کے تحفظ کیلئے ملکی وقار اور مفاد داؤ پر لگا رہے ہیں، ن لیگ پاک فوج سے بغض رکھتی ہے، فوج سیاست سے لاتعلق ہے اور ن لیگ کی مارشل لا لگوانے کی خواہش پوری نہیں ہو گی۔/۹۸۹/ف۹۴۰/