09 July 2017 - 19:49
News ID: 428927
فونت
حجت الاسلام سید سبطین حیدر سبزواری :
شیعہ علماء کونسل پنجاب کے صدر نے کہا : وزیراعظم پورے ملک کا ہوتا ہے، میاں نواز شریف صرف پنجاب کے وزیراعظم نہ بنیں ۔
حجت الاسلام سید سبطین حیدر سبزواری

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق شیعہ علماء کونسل پنجاب کے صدر حجت الاسلام سید سبطین حیدر سبزواری نے کہا ہے کہ پاراچنار کے شہدا کے خون کو بھولنے نہیں دیں گے، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا شہداء کے ورثا اور علاقے کے عمائدین سے ملاقات کو خوش آئند سمجھتے ہیں، لیکن وزیراعظم نواز شریف کی اب تک کی خاموشی سے عوام میں اضطراب اور احساس محرومی پایا جاتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ایک ہی وقت میں دو واقعات ہوئے، پاراچنار میں دہشتگردوں نے بے گناہوں کے خون سے ہولی کھیلی جبکہ اسی دن احمد پور شرقیہ میں پٹرول ٹینکر حادثہ رونما ہوا، وزیراعظم بیرون ملک سے سیدھا بہاولپور پہنچے مگر انہیں پاراچنار جانے کی توفیق ابھی تک نہیں ہوئی۔

شہدا کے لواحقین سے گفتگو میں حجت الاسلام سبطین سبزواری نے کہا کہ پاراچنار کے عوام کو حکمران نظر انداز کر رہے ہیں، انہیں سیاسی اور جمہوری حقوق تک حاصل نہیں، پولیٹیکل ایجنٹ علاقے کا بادشاہ سلامت ہے، جس کیخلاف وہاں کے عوام میں نفرت پائی جاتی ہے جبکہ آرمی چیف نے ایف سی کمانڈنٹ کو تبدیل کرکے علاقے کے عوام کا مطالبہ تسلیم کر لیا ہے، جوکہ خوش آئند ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پورے ملک کا ہوتا ہے، میاں نواز شریف صرف پنجاب کے وزیراعظم نہ بنیں، احمد پور شرقیہ کی طرح پاراچنار کے مظلومین کی بھی داد رسی کریں، کیونکہ حکومت اور ریاست کی نظر میں تمام علاقے ایک جیسے ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی پاراچنار کو نظر انداز کرنے کی روش سے شہدا کے لواحقین کو مایوسی ہو رہی ہے، اس لئے پورے ملک کا وزیراعظم بنتے ہوئے میاں نواز شریف کو کرم ایجنسی کے ہیڈ کوارٹر کا فی الفور دورہ کرکے شہدا کے ورثا کے زخموں پر مرہم رکھنی چاہیے، تاکہ انہیں بھی احساس ہو کہ وہ بھی پاکستان کا حصہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پہلے 4 سال تک اس علاقے کو دہشتگرد گروہ نے علاقے کا گھیراو کرکے غزہ بنائے رکھا جبکہ اب وہ عسکری اداروں کے حفاظتی حصار میں ہیں، مگر علاقے کے تحفظ کی باتیں محض دعوے ہی ثابت ہوئے ہیں، اگر وزیراعظم اور وزیر داخلہ نے علاقے کا دورہ نہ کیا تو لوگوں میں ان کے بارے میں کوئی اچھے جذبات تو پیدا نہیں ہوں گے۔/۹۸۹/ف۹۴۰/

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬