رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،جموں و کشمیر کل جماعتی حریت کانفرنس (گ) کے چیئرمین سید علی گیلانی نے انڈین فورسز کے ہاتھوں جامع مسجد اسلام آباد (اننت ناگ) کی بے حرمتی کرنے، مسجد کے اندر گُھس کر سامان کی توڑ پھوڑ کرنے، نمازیوں کی مارپیٹ کرنے اور کم سن بچوں کو گرفتار کرنے پر حکومتی فورسز کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔
انہوں نے کہا ہے کہ مقدس مقامات کو جارحیت کا نشانہ بنانا ناقابل برداشت ہے اور اس کے خلاف ایک شدید ردّعمل سامنے آسکتا ہے۔
انہوں نے اس واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرانے اور مجرموں کو سزا دینے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جموں کشمیر میں نہ صرف لوگوں کے جان و مال اور عزت خطرات سے دوچار ہیں، بلکہ ان کے مذہبی شعائر اور مساجد بھی غیر محفوظ ہیں۔
سید علی شاہ گیلانی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ حکومتی پالیسیاں حالات کو دن بدن اور زیادہ مخدوش بنارہی ہیں اور ریاست میں جاری سیاسی غیر یقینیت اور عدمِ استحکام کی صورتحال میں اضافہ ہورہا ہے۔
گام و شہر میں عام لوگوں کی زندگیاں اجیرن بنادی گئی ہیں اور اُن کو ’’پشت بدیوار‘‘ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی فورسز کو بے لگام چھوڑا گیا ہے اور جوابدہی کا کوئی نظام قائم نہیں ہے۔ /۹۸۸/ ن۹۴۰