
رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسلامی تحریک گلگت بلتستان کے سربراہ حجت الاسلام آغا عباس رضوی نے خانقاہ معلٰی آستانہ اسکردو میں مجالس اسد سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کی نااہلی پر جشن منانے اور مٹھائیاں تقسیم کرنے دینداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے یہ عمل روک دیں۔
انہوں نے وضاحت کی : جس عمران خان کی وجہ سے نواز شریف نااہل ہوئے ہیں وہ کونسا نیک اور دیندار انسان ہیں۔ عمران خان وہ شخص ہے جنہوں نے اپنے جلسوں میں خواتین کی عزت کا بھی خیال نہیں رکھا اور ان سے رقص کرائی۔
انہوں نے کہا : عمران خان کی محبت میں گرفتار ہوکر نواز شریف کی نااہلی پر جشن منانے والوں پر عمران خان کا چہرہ واضح ہو جائے گا۔ عمران خان کی جماعت لادینی کو عام کر رہی ہے وہ ایک لادین انسان ہے۔
آغا عباس رضوی نے کہا کہ سیاسی عمل میں اقتدار کا آنا جانا ایک فطری عمل ہے لیکن عوام کو ایسے مواقع پر دینی اقدار پامال نہیں کرنا چاہیے۔ گلگت بلتستان والے مہذب اور مذہبی لوگ ہیں، لادین جماعتوں کی خدمت اور ان کا ساتھ دینا یہاں کے عوام کی شان نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ واقعہ کربلا کا بھی یہی پیغام ہے کہ اسلامی اور اخلاقی اصولوں کو زندہ رکھنے اور اسلام کے پیغام کو دنیا کے کونے کونے تک پہنچانے کے لیے جدوجہد کی جائے۔/۹۸۹/ف۹۴۰/