رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل 'انٹونیو گوٹیریش' نے امریکہ سمیت دنیا بھر میں نسل پرستی، پناہ گزینوں سے نفرت اور اسلام وفوبیا پر مبنی اشتعال انگیز اقدامات کی مذمت کی۔
امریکی ریاست ورجینیا میں نسل پرستوں کی پرتشدد کاروائیوں پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے اپنے ٹوئٹیر پیغام میں کہا کہ دنیا کو اسلام فوبیا سمیت یہودیوں اور غیرملکیوں سے نفرت اور نسل پرستی اور تعصب جیسے چیلنجوں کا سامنا ہے جس کو ہر صورت حل کرنا ہو گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے امریکہ کی ریاست ورجینیا کے شہر چارلوٹسویلے میں نسل پرست مخالف ریلی میں ایک سفید فام نوجوان نے اپنی کار مظاہرین پر چڑھا دی تھی جس میں ایک32 سالہ سیاہ فام خاتون ہلاک اور 20دیگر زخمی ہو گئے تھے۔
اس سے قبل چارلوٹسویلے میں ہی سفید فاموں کی ایک ریلی میں زبردست تشدد کے بعد متعدد افراد زخمی ہو گئے تھے۔
شہر میں دائیں بازو کو متحد کرنے کے لیے 'یونائیٹ دی رائٹ' کے نام سے ایک مارچ کا اہتمام کا مقصد جنرل رابرٹ ای لی کے ایک مجسمے کو ہٹانے کے خلاف احتجاج کرنا تھا۔
جنرل رابرٹ لی امریکی خانہ جنگی کے دوران غلامی کی حمایت کرنے والی تنظیم کے رہنما تھے۔
انسانی حقوق کا نام نہاد علمبردار ملک امریکہ اس وقت دنیا میں سب سے زیادہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا شکار ہے۔ نسلی تعصب اور قوم پرستی کی وجہ سے امریکہ میں آئے روز سیاہ فام شہریوں کو تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور اب تک متعدد سیاہ فاموں کو صرف نسل پرستی کی بنیاد پر قتل کیا جا چکا ہے۔
امریکہ بھر میں جاری نسلی تعصب کے مقابلے میں امریکی صدر کی کمزور پالیسی اور موقف کے خلاف امریکی شہریوں نے نیویارک میں ٹرمپ ٹاور کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا ہے جس میں ٹرمپ سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ /۹۸۹/ف۹۴۰/