رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق لاہور میں سنی یوتھ ونگ کے عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا ہے کہا ہے کہ ن لیگ حلقہ 120 کا الیکشن دھن دھونس اور دھاندلی سے جیتنا چاہتی ہے۔
انہوں نے کہا : مریم نواز کس قانون کے تحت پنجاب کی بیوروکریسی کو احکامات جاری کر رہی ہے۔
انہوں نے تاکید کی : امریکی دھمکیوں پر حکومتی رد عمل بہت کمزور ہے، سپریم کورٹ ملتان میٹرو منصوبے میں پونے دو ارب کی کرپشن کا ازخود نوٹس لے، نواز شریف کا ٹرمپ کیخلاف نہ بولنے کا مقصد امریکہ کی خوشنودی حاصل کرنا ہے، شاہد خاقان عباسی وزیر اعظم ہاؤس کم اور جاتی امراء زیادہ جاتے ہیں۔
صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ موروثی سیاست سے پاک جمہوریت اور کرپشن فری حکمرانی کے ذریعے ہی سول بالادستی ممکن ہے، نواز شریف عالمی طاقتوں کیساتھ ساز باز اور اپنے اقتدار کیلئے لابنگ کی غرض سے برطانیہ جا رہے ہیں، حکومتی نااہلی کی وجہ سے گردشی قرضہ 84 ارب ہو چکا ہے، خوددار پاکستان کیلئے خوددار اور غیرت مند حکمرانوں کی ضرورت ہے۔
صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ وفاقی اور پنجاب حکومت کے وسائل سابق نااہل وزیراعظم کی اہلیہ کی کامیابی کیلئے استعمال ہو رہے ہیں، الیکشن کمیشن نے لاہور کے ضمنی الیکشن میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر آنکھیں بند کر رکھی ہیں۔/۹۸۹/ف۹۴۰/