
رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ، کشمیر کے پائین شہر میں سخت ترین کرفیو کے نفاذ کے بیچ ایک مرتبہ پھر تاریخی جامع مسجد سرینگر میں نماز جمعہ ادا کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔
روہنگیائی مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر مزاحمتی خیمے کی طرف سے نماز جمعہ کے بعد احتجاجی مظاہروں کے خدشات اور امن و امان کی صورتحال کو بنائے رکھنے کے لئے سرینگر کے کچھ علاقوں میں سخت ترین کرفیو اور بندشوں کا نفاذ عمل میں لایا گیا تھا، جس کے نتیجے میں سرینگر کے شہر خاص میں بندشیں عائد کی گئی تھیں جبکہ اہم راستوں کو خاردار تاروں سے سیل کر دیا گیا تھا۔ حکومت کی جانب سے سخت ترین کرفیو کے نفاذ کے باعث تاریخی جامع مسجد میں نماز جمعہ ادا نہ ہوسکی۔
شہر خاص کے نوہٹہ میں واقع تاریخی جامع مسجد کی طرف جانے والی تمام سڑکوں کو خاردار تار سے سیل کردیا گیا۔ تاریخی جامع مسجد کے ارد گرد فورسز کی بھاری جمعیت کو تعینات کیا گیا تاکہ لوگ جامع مسجد کی طرف نماز جمعہ کی ادائیگی کے لئے نہ جاسکیں۔
جامع مسجد کے اردگرد رہائش پذیر لوگوں نے بتایا کہ ہمیں جامع مسجد کے اندر داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔ ایک مقامی رہائشی نے فون پر بتایا کہ ہمیں ایک بار پھر مسجد کے اندر نماز جمعہ ادا کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔ /۹۸۸/ ن۹۴۰