17 September 2017 - 17:31
News ID: 429988
فونت
سراج الحق :
امیر جماعت اسلامی پاکستان نے کہا : وزیراعظم عباسی مظلوم روہنگیا مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے بنگلہ دیش اور برما جانے کی بجائے امریکی آقاﺅں کے در پر حاضری دینے جارہے ہیں۔
روہنگیا مسلمانوں سینیٹر سراج الحق

رسا نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ اللہ نے غرور اور تکبر کے ایک پہاڑ کو سرنگوں کر دیا، بہت جلد کرپشن کے دوسرے سومنات بھی گریں گے، قومی دولت لوٹنے والے کسی ایک لٹیرے کو بھی قوم نہیں چھوڑے گی، بڑے بڑے فرعونوں کو اقتدار کے عالی شان محلوں سے نکل کر جیلوں کی سلاخوں کے پیچھے جانا پڑے گا۔

پیپلزپارٹی ناکامیوں کی داستان بنی اور اب مسلم لیگ بھی ناکامی کی تصویر بن چکی، خاندانی بادشاہتیں قائم رکھنے کے لیے بنائی گئی، موروثی پارٹیاں اب حکمرانوں کا بوجھ اٹھانے کو تیار نہیں، ڈاکٹر عافیہ صدیقی، یوسف رمزی اور ایمل کانسی کو امریکہ کے حوالے کرنے والے بزدل حکمران اس غیرت مند اور شیر دل قوم کے لیڈر نہیں ہوسکتے، 70 سال سے اقتدار پر مسلط ٹولہ عالمی اسٹیبلشمنٹ کے اشاروں پر ناچتا رہا، وزیراعظم عباسی مظلوم روہنگیا مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے بنگلہ دیش اور برما جانے کی بجائے امریکی آقاﺅں کے در پر حاضری دینے جارہے ہیں۔

ہاکی سٹیڈیم ایبٹ آباد میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ مسلم لیگ کی حکومت عوام کو ریلیف دینے میں ناکام ہو گئی ہے اور اب اپنی ناکامیوں کو چھپانے کے لیے نوازشریف کی نااہلی کو بہانا بنا رہی ہے، اگر نواز شریف نے عوام کی خدمت کی ہوتی تو آج ان کی بیٹی کو ووٹ مانگنے در در پر نہ جانا پڑتا۔

انہوں نے کہاکہ اللہ نے غرور اور تکبر کے ایک سومنات کو گرا دیا ہے اور جلد کرپشن کے دوسرے قلعے بھی مسمار ہوں گے، نوازشریف بار بار پوچھتے ہیں کہ مجھے کیوں نکالا، حالانکہ پاکستان کا بچہ بچہ جانتا ہے اور اگر اسکول کے کسی بچے سے بھی پوچھا جائے تو وہ بتائے گا کہ انہیں ان کے غرور اور تکبر، عاشق رسول ممتاز قادری کو شہید اور ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو امریکہ کے حوالے کرنے کے جرم میں نکالا گیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ عوام کو تعلیم، صحت، روزگار اور چھت کی سہولت دینا حکومت کی ذمہ داری ہے جسے اقتدار پر 70 سال سے مسلط ٹولے نے آج تک پورا نہیں کیا اور پارٹیاں بدل بدل کر اقتدار پر قابض ہونے والا یہی ٹولہ فوجی آمروں کا ساتھ دیتا رہا، اسی ٹولے نے سیاست اور جمہوریت کو یرغمال بنایا اور اداروں کو تباہ کیا۔

انہوں نے کہاکہ قومی دولت لوٹنے والے لٹیروں کے گروہ نے عوام کے حقوق غصب کیے، نوازشریف سید یوسف رضا گیلانی کو شرم دلاتے تھے کہ انہوں نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے لیے کچھ نہیں کیا مگر قوم جانتی ہے کہ نوازشریف کو بھی شرم نھیں آئی کہ قوم کی مظلوم بیٹی کی رہائی کے لیے امریکہ سے بات کرتے۔

سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ جماعت اسلامی کے ہر کارکن کا اصل اثاثہ اخلاق اور کردار کی دولت ہے اور اس سے بڑا کوئی تمغہ نہیں ہوسکتا، ہم عالمی اسٹیبلشمنٹ کے آلہ کار ہونے کی بجائے محمد عربی ﷺ کے غلام ہونے پر فخر کرتے ہیں، ہماری جدوجہد پاکستان کو کرپشن فری پاکستان بنانے اور کرپشن مافیا سے قوم کو نجات دلانے کے لیے ہے، ہم قوم کو غربت، مہنگائی، بے روزگاری اور لوڈشیڈنگ کے اندھیروں میں دھکیلنے والوں کا پیچھا کرتے رہیں گے۔/۹۸۹/ف۹۴۰/

تبصرہ بھیجیں
‫برای‬ مہربانی اپنے تبصرے میں اردو میں لکھیں.
‫‫قوانین‬ ‫ملک‬ ‫و‬ ‫مذھب‬ ‫کے‬ ‫خالف‬ ‫اور‬ ‫قوم‬ ‫و‬ ‫اشخاص‬ ‫کی‬ ‫توہین‬ ‫پر‬ ‫مشتمل‬ ‫تبصرے‬ ‫نشر‬ ‫نہیں‬ ‫ہوں‬ ‫گے‬