رسا ںیوز ایجنسی نے کی رپورٹ کے مطابق، جموں و کشمیر پیروان ولایت کے سربراہ مولانا سبط شبیر قمی نے کابل افغانستان میں مسجد صاحب زمان (عج) میں ہوئے دہشتگردانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ انہوں نے ایسی دہشتگردانہ کارروائیاں انجام دینے والوں کو یزیدی آلہ کار قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے عناصر کو اسلام سے دور تک کا بھی واسطہ نہیں ہے۔ سرینگر سے جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ایسی دہشتگردانہ کارروائیاں انجام دینے والوں اور ان مذموم کارروائیوں کی سرپرستی کرنے والوں کو خام خیالی ہے کہ وہ جنت کے حقدار ہیں بلکہ حقیقت یہ ہے کہ ان تک جنت کی بو تک بھی نہیں پہنچے گی۔
انہوں نے اس حملے کو سامراجی سازش قرار دیتے ہوئے کہا کہ سامراجی طاقتیں سادہ لوح اور نام نہاد مسلمانوں کو فریب دے کر ڈالروں میں خریدتے ہیں، ایسی بزدلانہ کارروائیاں ان نام نہاد اور ڈالروں میں بکنے والے مسلمانوں کے ذریعے انجام دلوا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسی بزدلانہ کارروائیوں سے پیروان اہلبیت (ع) کا عزم و ہمت اور حوصلے پست نہیں ہوں گے بلکہ جب تک ان کی رگوں میں خون کا ایک ایک قطرہ موجود ہے، تب تک حق کی پاسداری کرتے رہیں گے اور اہلبیت طاہرین (ع) سے محبت کا اظہار کرتے رہیں گے۔ انہوں نے اقوام عالم سے مطالبہ کیا کہ وہ خدارا تعصب اور جانبداری کے دیوار سے باہر نکل کر مظلوم عوام کی حمایت کے لئے زبان کھولے اور ایسی بزدلانہ و دہشتگردانہ کارروائیاں روکنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ /۹۸۸/ ن۹۴۰